Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 اگست 2022 06:07pm

پاک سوزوکی نے بھی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا

پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری کا حوالہ دیتے ہوئے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 75 ہزار سے 1 لاکھ 99 ہزار روپے تک کمی کا اعلان کردیا ہے جس کا اطلاق 16 اگست سے ہوگا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے یکم جولائی سے گاڑیوں کی ایڈوانس بکنگ بند کردی ہے، آلٹو وی ایکس، وی ایکس آر اور اے جی ایس ماڈلز کی قیمت اب بالترتیب 16 لاکھ 99 ہزار روپے، 19 لاکھ 76 ہزار روپے اور 22 لاکھ 23 ہزار روپے ہے۔

ویگن وی ایکس آر، وی ایکس ایل اور اے جی ایس ماڈلز کی قیمت اب بالترتیب 24 لاکھ 21 ہزار روپے، 25 لاکھ 64 ہزار روپے اور 28 لاکھ 2 ہزار روپے ہوگی جبکہ کلٹس وی ایکس آر، وی ایکس ایل اور اے جی ایس ماڈلز اب 27 لاکھ 54 ہزار، 30 لاکھ 24 ہزار اور 32 لاکھ 34 ہزار روپے میں دستیاب ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے سے سرمایہ کار فائدہ اٹھانے میں مصروف

سوئفٹ جی ایل، ایم ٹی، سی وی ٹی، جی ایل ایکس سی وی ٹی کی نئی قیمت بالترتیب 31 لاکھ 80 ہزار روپے، 34 لاکھ 20 ہزار اور 37 لاکھ 60 ہزار روپے ہیں جبکہ راوی، بغیر ڈیک والی راوی، بولان وین اور بولان کارگو کی قیمتیں 14 لاکھ 24 ہزار، 13 لاکھ 49 ہزار، 15 لاکھ اور 14 لاکھ 87 ہزار ہیں۔

قیمت میں کمی حیران کن معلوم ہوتی ہے کیونکہ کمپنی نے اگست کے پہلے ہفتے میں قیمتوں میں 3 لاکھ 14 ہزار سے 6 لاکھ 61 ہزار روپے کا اضافہ کیا تھا، اس اضافے کی وجہ ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی بتائی گئی تھی۔

پاک سوزوکی نے آلات کی کمی کے باعث 18 سے 19 اگست تک اپنے کار پروڈکشن پلانٹ کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم کمپنی نے کہا کہ موٹر سائیکل پلانٹ بدستور فعال رہے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل انڈس موٹرز نے بھی گاڑیوں کی قیمت میں نمایاں کمی کا اعلان کیا تھا۔

جولائی کے مہینے میں 7 لاکھ 60 ہزار سے31 لاکھ 60 ہزار روپے قیمت کے بڑے اضافے کے بعد انڈس موٹر کمپنی نے گاڑیوں کی قیمتوں میں 2 لاکھ 60 ہزار سے 11 لاکھ 40 ہزار روپے تک کی کمی کردی تھی۔

انڈس موٹرز نے کہا کہ ٹویوٹا کرولا کے تمام ماڈلز کی قیمتوں میں 3 لاکھ 30 ہزار سے 4 لاکھ 40 ہزار روپے تک کی کمی کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: نئے مالی سال کے پہلے ماہ میں گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں کمی

اس کے علاوہ ٹویوٹا یارس کے مختلف ماڈل کی قیمت میں بھی 2 لاکھ 60 ہزار روپے سے 3 لاکھ 10 ہزار روپے تک کی کمی کی گئی جبکہ ٹویوٹا ہائی لکس ریو اور فارچیونر کی قیمتوں میں بالترتیب 6 لاکھ 50 ہزار روپے سے 8 لاکھ 20 ہزار روپے اور 9 لاکھ 10 ہزار روپے سے 11 لاکھ 40 ہزار روپے تک کی کمی کی گئی۔

اس کے علاوہ فارچیونر 2.7 جی کی قیمت کم ہو کر ایک کروڑ 15 لاکھ 79 ہزار روپے، 2.7 وی کی ایک کروڑ 32 لاکھ 59 ہزار، سگما 4 کی ایک کروڑ 39 لاکھ 69 ہزار اور لیجنڈر کی نئی قیمت ایک کروڑ 46 لاکھ 99 ہزار روپے کردی گئی۔

Read Comments