Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 اگست 2022 11:36am

بابر اعظم اس وقت تمام فارمیٹس میں دنیا کے ’ٹاپ بلے باز‘ ہیں، ویرات کوہلی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سپر اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے پاکستانی کپتان بابر اعظم کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس وقت تمام فارمیٹس میں دنیا کے ٹاپ بلے باز ہیں۔

اسٹار اسپورٹس کے ساتھ ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ بابر اعظم بہت مستقل مزاجی اور درست طریقے سے کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ان میں حیرت انگیز ٹیلنٹ ہے اور میں ہمیشہ انہیں کھیلتے ہوئے دیکھ کر لطف اندوز ہوتا ہوں۔

سال 2019 کرکٹ ورلڈ کپ میں بابر اعظم کے ساتھ پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ انہوں نے پہلے دن سے ہی بابر اعظم کے رویے میں عاجزی اور احترام دیکھا ہے جو کہ اب تک تبدیل نہیں ہوا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’بابر اعظم اب کارکردگی دکھا رہے ہیں اور خود کو منوا رہے ہیں، میں اپنی جانب ان کا رویہ بدلتا ہوا نہیں دیکھ رہا جو کسی ایسے شخص کی بہترین علامت ہے جس کی پرورش اور کرکٹ میں اس کی تربیت کی بنیادیں بہت مضبوط ہیں‘۔

ویرات کوہلی نے کہا کہ بابر اعظم جیسے کھلاڑی بہت آگے بڑھتے ہیں اور بہت سے لوگوں کو متاثر کرتے ہیں، ان کے کھیل کے متاثر کن انداز پر میں نے کل انہیں مبارکباد دی اور انہیں بتایا کہ یہ دیکھنا کتنا دلچسپ ہے، میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں‘۔

ویرات کوہلی نے دبئی میں بابر اعظم کے ساتھ اپنی ملاقات کے حوالے سے بتایا جہاں دونوں نے آج ہونے والے ایشیا کپ میں بھارت بمقابلہ پاکستان کے ہائی وولٹیج میچ سے قبل گرمجوشی کا اظہار کیا۔

ویرات کوہلی نے کہا کہ ’بابر اعظم اس سب کے مستحق ہیں اور یہ حقیقت ہے کہ عالمی سطح پر کرکٹ کے کھیل کو دلچسپ رکھنے کے لیے ان جیسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے‘۔

گزشتہ ماہ بابر اعظم نے بھی ویرات کوہلی کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا تھا اور انہیں بتایا تھا کہ اس وقت وہ جس مشکل دور سے گزر رہے ہیں وہ عارضی ثابت ہوگا۔

بابر اعظم کی جانب سے یہ حوصلہ افزا پیغام ویرات کوہلی کی حالیہ ناقص کارکردگی پر تنقید کے ردعمل میں سامنے آیا تھا۔

Read Comments