Dawn News Television

اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2022 10:21pm

انگلینڈ نے دورہ پاکستان کیلئے 19 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا

انگلینڈ نے دورہ پاکستان کے لیے جوز بٹلر کی قیادت میں 19 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، انگلینڈ دورے میں 7 ٹی20 میچز کھیلے گی۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سلیکشن پینل نے دورہ پاکستان میں 7 ٹی 20 میچوں کے لیے 19 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور اس سیریز کا آغاز کراچی سے ہوگا۔

مزیدپڑھیں: انگلینڈ کی ٹیم سات ٹی20 میچوں کی سیریز کیلئے ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کرس جارڈن انگلی اور لیام لیونگسٹن ٹخنے کی انجری کی وجہ سے بحالی کا عمل جاری رکھیں گے اور پاکستان جانے والے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں کھلاڑی ورلڈ کپ کے پیش نظر پاکستان نہیں جائیں گے لیکن آسٹریلیا میں ہونے والے ٹورنامنٹ تک فٹ ہونے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

بورڈ نے بتایا کہ انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور پاکستان کا دورہ کریں گے لیکن امکان ہے کہ وہ 7 میچوں کی سیریز کے آخری مرحلے میں دستیاب ہوں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جوز بٹلر کی غیر موجودگی میں معین علی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

انگلینڈ کی ٹیم 2005 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہی ہے اور اسکواڈ میں 5 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں بلے باز جارڈن کوکس، فاسٹ باؤلر ٹام ہیلم، بلے باز ول جیکس، اولی اسٹون اور لیوک ووڈ شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق پانچوں کھلاڑی انگلینڈ کی ڈومیسٹک ٹیموں مڈل سیکس، واروکشائر اور لنکا شائر سے کھیلتے ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم 14 ستمبر کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف 17 سال بعد ہونے والی ہوم ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری

پاکستان کا دروہ کرنے والے انگلینڈ کے اسکواڈ میں جوز بٹلر (کپتان)، معین علی (نائب کپتان)، ہیری بروک، جورڈن کوکس، سیم کیوران، بین ڈیکیٹ، لیام ڈاؤسن، رچرڈ گلیسون، ٹام ہیلم، ویل جیکس، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، فل سالٹ، اولی اسٹون، ریس ٹاپلی، ڈیوڈ ویلی، کرس ووکس، لیوک ووڈ، مارک ووڈ شامل ہیں۔

پاک-انگلینڈ ٹی20 سیریز شیڈول

پہلا ٹی20: نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 20 ستمبر

دوسرا ٹی20: نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 22 ستمبر

تیسرا ٹی20: نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 23 ستمبر

چوتھا ٹی20: نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 25 ستمبر

پانچواں ٹی20: قذافی اسٹیڈیم لاہور، 28 ستمبر

چھٹا ٹی20: قذافی اسٹیڈیم لاہور، 30 ستمبر

ساتواں ٹی20: قذافی اسٹیڈیم لاہور، 2 اکتوبر

Read Comments