Dawn News Television

اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2022 12:40pm

پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 45 پیسے کا اضافہ، ڈیزل کی قیمت برقرار

حکومت نے 6 روز کی تاخیر کے بعد بالآخر پیٹرولیم مصنوعات کی نظرثانی شدہ قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 45 پیسے کا مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق باضابطہ طریقہ کار یہ ہے کہ نظر ثانی شدہ قیمتوں کا نوٹیفکیشن رات 12 بجے کے قریب جاری کیا جاتا ہے، تاہم اس بار فنانس ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن 2 گھنٹے تاخیر کے بعد رات کے تقریباً 2 بجے جاری کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 235 روپے 98 پیسے سے بڑھا کر 237 روپے 43 پیسے کر دی گئی ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 247 روپے 43 پیسے پر برقرار رکھی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں پیٹرول کا ذخیرہ تشویشناک حد تک کم ہوگیا

علاوہ ازیں مٹی کے تیل کی قیمت 8 روپے 30 پیسے کم کر کے 210 روپے 32 پیسے سے 202 روپے 2 پیسے کر دی گئی ہے، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 4.26 روپے کمی کے بعد 201.54 روپے سے کم ہو کر 197.28 روپے ہو گئی ہے۔

قیمتوں پر نظر ثانی 15 ستمبر کے بعد کی جانی تھی تاہم مسلم لیگ (ن) کی زیر قیادت اتحادی حکومت اس معاملہ پر مخمصے کا شکار رہی۔

اس تاخیر نے ان افواہوں کو جنم دیا کہ حکومت پٹرولیم ڈیلرز کو گزشتہ 15 روز کے دوران زیادہ نرخوں پر خریدی گئی موجودہ انوینٹریز فروخت کرنے میں سہولت فراہم کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے تخمینے کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں تقریباً 2 روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے تک کمی کی جانی تھی۔

Read Comments