Dawn News Television

اپ ڈیٹ 07 اکتوبر 2022 07:14pm

بختاور بھٹو زرداری نے دوسرے بیٹے کا نام بتادیا

سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے اپنے دوسرے بیٹے کی پیدائش کے چند دن بعد ان کا نام بھی بتا دیا۔

بختاور بھٹو زرداری نے 7 اکتوبر کو انسٹاگرام پوسٹ میں ننھے مہمان کی گھڑ سواری کرنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے دوسرے بیٹے کا نام بتایا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے والد اور نوزائیدہ بچے کے نانا یعنی آصف علی زرداری نے ان کے بیٹے کا نام ’میر سجاول محمود چوہدری‘ رکھا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے ’سجاول‘ کا مفہوم بھی بتایا اور لکھا کہ یہ خالص سندھی زبان کا نام ہے، جس کا مطلب سورج ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ بختاور بھٹو زرداری کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش

انہوں نے دوسرے بیٹے کا نام بتاتے وقت بیٹے کے بہتر مستقبل کے لیے دعا بھی کی اور لکھا کہ خدا ان کے نام میں برکت شامل کرے اور انہیں سیدھے راستے پر چلنے سمیت دوسروں کے لیے مشعل راہ بنائے اور انہیں نبی ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر بھی چلنے کی توفیق عطا کرے۔

بختاور بھٹو نے ایک روز قبل انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش 5 اکتوبر کو ہوئی تھی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں یہ واضح نہیں کیا تھا کہ انہوں نے بچے کو کہاں جنم دیا، تاہم وہ شادی کے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی منتقل ہوگئی تھیں اور گزشتہ برس اکتوبر میں ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش بھی وہیں ہوئی تھی۔

بختاور بھٹو زرداری نے 31 جنوری 2021 کو محمود چوہدری کے ساتھ شادی کی تھی اور ان کے ہاں اکتوبر 2021 میں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، جس کے اطلاع انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے دی تھی۔

ان کے پہلے بچے کو پیدائش کے بعد چند دن تک ہسپتال میں ہی رکھا گیا تھا اور انہوں نے پیدائش کے ایک ماہ بعد بچے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بیٹے کا نام مرحوم دادا ’حاکم علی زرداری‘ اور ماموں ’میر مرتضیٰ زرداری‘ کی نسبت سے ’میر حاکم محمود چوہدری رکھا تھا۔

Read Comments