Dawn News Television

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2022 07:50pm

شاہین کی خطرناک یارکر سے افغان اوپنر رحمٰن اللہ گرباز زخمی

افغانستان کے اوپننگ بلے باز رحمٰن اللہ گرباز پاکستان کے خلاف ٹی20 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی شاندار یارکر پر زخمی ہوگئے۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان آج ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کھیلا گیا وارم اپ میچ بارش کی وجہ سے نامکمل اور بے نتیجہ رہا۔

تاہم اس میچ کے دوران جہاں شاہین شاہ آفریدی ایک مرتبہ پھر پوری جوبن پر دکھائی دیے وہیں ان کی عمدہ باؤلنگ نے رحمٰن اللہ گرباز کو ہسپتال پہنچا دیا۔

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر نے اپنے پہلے ہی اوور میں شاندار سوئنگ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور پانچویں ہی گیند پر خوبصورت یارکر پر افغان اوپنر کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

تاہم اس یارکر پر جہاں رحمٰن اللہ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے وہیں وہ انجری کا شکار ہو کر ہسپتال بھی جاپہنچے۔

انہیں فوری طبی امداد کی فراہمی کے بعد اسکین کے لیے ہسپتال لے جایا گیا کیونکہ یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ ان کے پیر میں فریکچر ہوگیا ہے۔

تاہم ہسپتال پہنچنے پر ان کی رپورٹ کلیئر قرار دی گئیں اور افغانستان کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ رحمٰن اللہ کے پیر میں فریکچر نہیں ہوا۔

بورڈ نے بیان میں کہا کہ دو دن بعد اوپننگ بلے باز کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور امید ظاہر کی کہ وہ انگلینڈ کے خلاف ہفتے کو کھیلے جانے والے پہلے میچ سے قبل فٹ ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان محمد نبی کی نصف سنچری کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں لیں۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ابھی 2.2 اوورز میں 19رنز ہی بنائے تھے کہ میچ میں بارش نے مداخلت کردی، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی مشاورت سے میچ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

Read Comments