Dawn News Television

شائع 01 دسمبر 2022 10:17pm

سیاسی نظام پر بھاشن نہ دیں، سپریم کورٹ کو لوگوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا چاہیے، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کو لوگوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں سیاسی نظام پر بھاشن نہ دیں۔

فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر کہا کہ ’صرف پاکستان کے عوام سیاسی نظام تبدیل کرسکتے ہیں، سپریم کورٹ کو اپنا بنیادی کام کرنا چاہیے اور وہ پاکستان کے لوگوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’اس مد میں عدالتوں کی کارکردگی خراب ہے، ہمیں سیاسی نظام پر بھاشن نہ دیں‘۔

ٹوئئٹر پر صحافی نے جب نشان دہی کرتے ہوئے بتایا کہ اسی سپریم کورٹ نے حال ہی میں آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کے حوالے سے فیصلہ دیا جو پی ٹی آئی کے حق میں گیا تو فواد چوہدری نے ان سے کہا کہ ’بنیادی طور پر آپ کا نکتہ یہ ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو فائدے کے طور پر لینا چاہیے، ججوں کو صحافیوں سے نہیں ملنا چاہیے‘۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ’ججوں کا یہ کام نہیں کہ وہ بیٹ رپورٹرز کے ساتھ لابی کریں‘۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ’اگر حکومت نے قبل از وقت انتخابات کا اعلان کرتی ہے تو ہم انتخابات کے فریم ورک اور الیکشن کمیشن میں تبدیلیوں پر بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں‘۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے حکومت کو قبل از وقت انتخابات کے لیے دباؤ ڈالنے کے لیے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے فیصلے کا بھی اعلان کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے 26 نومبر کو راولپنڈی میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل کی جائیں گی۔

عمران خان نے کہا تھا کہ ہم اس نظام کا حصہ نہیں ہوں گے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام اسمبلیوں سے باہر آئیں گے اور اس کرپٹ نظام کا حصہ نہیں بنیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اس حوالے سے میں بہت جلد پارلیمانی گروپس سے ملاقات کروں گا اور وزرائے اعلیٰ سے مشاورت کروں گا۔

پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے تاحال اسمبلیاں تحلیل کرنے کے حوالے سے کوئی تاریخ یا حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔

Read Comments