Dawn News Television

اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2022 12:04pm

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی ٹائم میگزین کے ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار

شہرہ آفاق امریکی جریدے ٹائم میگزین نے اپنے سالانہ ’پرسن آف دی ایئر‘ کی شخصیت کا اعلان کرتے ہوئے یہ اعزاز یوکرینی صدر کو دے دیا۔

ٹائم میگزین ہر سال دسمبر کے آغاز پر ’پرسن آف دی ایئر‘ کے اعزاز کا اعلان کرتا ہے۔

گزشتہ سال ٹائم میگزین نے ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کو ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار دیا تھا جب کہ اس سے قبل 2020 میں امریکی صدر جوبائیڈن اور نائب امریکی صدر کمالا ہیرس کو یہ اعزاز بخشا گیا تھا۔

رواں سال میگزین نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو ’پرسن آف دی ایئر‘ کا اعزاز دیتے ہوئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا ہے۔

جریدے کی جانب سے ولادیمیر زیلنسکی کی تصویر کو سرورق کی زینت بنایا گیا اور ساتھ ہی روسی جارحیت کے بعد وطن کے لیے اٹھائے گئے ان کے اقدامات کی بھی تعریفیں کیں۔

جریدے نے یوکرینی صدر کو ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ملک کے عوام کو روسی جارحیت کے سامنے ڈٹ جانے پر آمادہ کیا۔

اس سال ٹائم میگزین کی جانب سے ’پرسن آف دی ایئر‘ کے لیے ولادیمیر زیلنسکی کے علاوہ ایران میں حکومت کے خلاف مظاہرے کرنے والی خواتین، چینی صدر اور امریکی سپریم کورٹ کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔

ٹائم میگزین ہر سال ادارے یا شخصیت سمیت ایک سے زائد شخصیات کو بھی ’پرسن آف دی ایئر‘ کا اعزاز بخشتا ہے۔

Read Comments