Dawn News Television

شائع 05 فروری 2023 12:20am

کراچی: شہریوں نے دو مشتبہ ڈاکوؤں کو پکڑ کر آگ لگا دی

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں ہفتے کی رات علاقہ مکینوں نے چوری کے الزام میں پکڑے گئے دو مشتبہ ڈاکوؤں کو آگ لگا دی جس سے وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان نے بتایا کہ کے-فور چورنگی پر پیٹرول پمپ کے قریب دو مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ مار کرتے ہوئے ایک شہری سے قیمتی سامان چھین لیا۔

سینئر افسر نے بتایا کہ وہاں رکشوں کا اسٹینڈ تھا اور رکشا ڈرائیوروں نے دونوں ملزمان کو پکڑ کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان جھلس کر جان کی بازی ہار گئے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے ایک پستول، ایک موٹر سائیکل اور چھینے گئے دو موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔

ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ مارے گئے دونوں ملزمان کی شناخت نادر حسین اور محمد عمران کے نام سے ہوئی ہے۔

معروف عثمان نے کہا کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو ماضی میں بھی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہ چکے تھے کیونکہ ان کے خلاف بالترتیب کورنگی اور ضلع غربی میں ایف آئی آر درج ہیں۔

پولیس نے ہجوم میں سے 10 افراد کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف دو الگ الگ ایف آئی آر درج کی جائیں گی جن میں سے ایک ڈکیتی اور دوسری قتل سے متعلق درج ہو گی۔

لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق ہفتہ کی رات بلدیہ ٹاؤن کے اسکانی یار محمد گوٹھ میں نامعلوم ملزمان نے 28 سالہ رحیم نامی شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

لاش کو قانونی کارروائی کے لیے ڈاکٹر روتھ فاؤ سول اسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

Read Comments