Dawn News Television

شائع 11 مارچ 2023 10:30pm

سیہون میں لعل شہباز قلندر کا تین روزہ عرس کا آغاز

سندھ کے شہر سیہون میں برصغیر کے 12 ویں صدی کے صوفی بزرگ سید محمد عثمان مروندی المعروف لعل شہباز قلندر کا 771 ویں عرس میں شرکت کے لیے عقیدت مندملک کے مختلف علاقوں سے جمع ہوگئے ہیں۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لعل شہباز قلندر کے عرس کا باقاعدہ آغاز کردیا جہاں انہوں نے لعل شہباز قلندر کے مزار پر پھول چڑھائے اور عقیدت پیش کیا۔

صوفی بزرگ کے عقیدت مند ہر سال اپنے بزرگ کی وفات کے روز عرس کا اہتمام کرتے ہیں اور عقیدت مند اس کو اپنے روحانی رہنما اور خدا کے درمیان ملاقات تصور کرتے ہیں۔

پاکستان بھر سے آئے ہوئے عقیدت مندوں نے سرخ اور سیاہ رنگ کے مخصوص لباس میں جشن کا آغاز کردیا۔

مزار میں داخل ہونے والے عقیدت مندوں کی دروازے پر تلاشی لی گئی ہے جہاں خواتین اور مردوں کے لیے الگ الگ دروازے سے گزارا گیا۔

مزار کے احاطے اور سیہون کے دیگر علاقوں میں عقیدت مندوں نے ڈھول کی تھاپ پر دھمال ڈالا جہاں تین روز تک عرس جاری رہے گا۔لعل شہباز قلندر کا عرس ہر سال ہجری مہینے شعبان کے دوسرے عشرے میں ہوتا ہے اور ملک بھر سے مختلف عقائد سے تعلق رکھنے والے افراد بلاتفرقی شریک ہوتے ہیں۔

Read Comments