Dawn News Television

اپ ڈیٹ 16 مارچ 2023 04:19pm

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 15 مہینے کی کم ترین سطح پر

خام تیل کی قیمتیں 4 فیصد گر کر 15 مہینے کی کم ترین سطح پر آگئیں جبکہ کریڈٹ سوئس نے عالمی منڈیوں کو خوف زدہ اور چین میں تیل کی طلب میں بحالی کی امیدوں کے اثر کو ختم کر دیا۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق کریڈٹ سوئس کے سب سے بڑے سرمایہ کار سعودی نیشل بینک کی جانب سے کہا گیا کہ وہ کریڈٹ سوئس کی مزید مالی معاونت فراہم نہیں کرسکتے جس کے بعد پرسکون اور استحکام کی طرف واپسی کے ابتدائی آثار معدوم ہو گئے۔

برینٹ کروڈ آئل 3.20 ڈالر یا 4.1 فیصد کمی کے بعد 74.25 ڈالر کی سطح پر آگیا جو دسمبر 2021 کے بعد کی کم ترین سطح ہے جب خام تیل 74.01 ڈالر کا تھا۔

اسی طرح امریکا ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ آئل (ڈبلیو ٹی آئی) 2.86 ڈالر یا 4 فیصد کمی کے بعد 68.47 ڈالر پر آگیا ہے، یہ بھی دسمبر 2021 کے بعد کم ترین سطح پر ہے۔

بروکریج اونڈا کے کریگ ایرلم نے کہا کہ آؤٹ لُک کے اچانک انتہائی غیر یقینی کے سبب مختصر مدت میں تیل کی قیمتوں پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اس کے برعکس گزشتہ روز (15 مارچ) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا اور پیٹرول فی لیٹر 5 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل فی لیٹر 13 روپے مزید مہنگا ہوگیا۔

فنانس ڈویژن سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے اور روپے کی قدر میں کمی سے پیٹرولیم مصنوعات بھی مہنگی ہوگئی ہیں۔

Read Comments