کھیل

ہندوستان کا دورہ نیوزی لینڈ مختصر

ہندوستانی ٹیم اب دورہ نیوزی لینڈ کے دوران 19 جنوری سے 18 فروری تک دو ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلی گی۔

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کرکٹ نے ہندوستان کے خلاف آئندہ سال ہونے والی ہوم سیریز کیلیے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے پیر کو ایک چھوٹے ٹور شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ ہندوستانی ٹیم 19 جنوری سے 18 فروری تک نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلی گی۔

آئی سی سی فیوچر ٹور پروگرام کے تحت ہندوستانی ٹیم کو فروری اور مارچ کے درمیان کیے جانے والے دورے میں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ میچز اور ایک ٹی ٹوئنٹی کھیلنا تھا۔

تاہم رپورٹس کے مطابق ہندوستانی ٹیم فروری کے آخر میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت کے باعث ٹور میں کمی کی خواہشمند تھی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے گزشتہ ماہ تسلیم کیا تھا کہ بی سی سی آئی سے دورے پر ہونے والی گفتگو توقعات سے زیادہ طول پکڑ گئی۔

پیر کو جاری کیے جانے والے بیان میں انہوں نے دورہ چھوٹا کیے جانے پر بات نہیں کی اور ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کا دنیا کی نمبر ایک ون ڈے ٹیم کے خلاف پانچ ایک روزہ میچ کھیلنا انتہائی بہترین ہے کیونکہ اس سے ہمیں 2015 ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔

دورے میں کمی ہونے کے بعد ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ آیا نیوزی لینڈ کرکٹ، ہندوستانی بورڈ سے دورے میں کمی کے باعث ہونے والا مالی نقصان پورا کرنے کا مطالبہ کرے گی یا نہیں جہاں دورے کے دوران ایک ٹیسٹ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کی کمی کر دی گئی ہے۔