Dawn News Television

شائع 31 مئ 2023 08:48am

واجبات کی عدم ادائیگی کے سبب پی آئی اے کا طیارہ ملائیشیا میں روک لیا گیا

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے طیارے بوئنگ 777 کو کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قانونی تنازع کے سبب روک لیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہوائی جہاز لیز پر دینے والی کمپنی نے مقامی عدالت سے اس دعوے کی بنیاد پر رجوع کیا تھا کہ پی آئی اے پر 45 لاکھ ڈالر واجب الادا ہیں۔

پی آئی اے کی جانب سے اس دعوے کو متنازع قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ طیارے کی ملکیت اس کے پاس ہے جبکہ مذکورہ کمپنی کی زیرملکیت طیارے میں نصب انجنوں میں سے صرف ایک انجن ہے۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان نے مزید کہا کہ اصل واجبات 18 لاکھ ڈالر تھے جو کمپنی کو ادا کیے جا چکے ہیں، کمپنی کا دعویٰ غلط ہے، پی آئی اے نے یہ معاملہ عدالت میں لڑنے کے لیے کوالالمپور میں اپنی قانونی ٹیم کو ذمہ داری سونپ دی ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ مذکورہ طیارے کے مسافروں کو متبادل طیارے میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مذکورہ بوئنگ 777 بھی کوالالمپور سے عام کمرشل پرواز کے طور پر فعال رہے گا۔

واضح رہے کہ یہ دوسرا تنازع ہے جس کے نتیجے میں ملائیشیا میں پی آئی اے کے طیارے کو قبضے میں لے لیا گیا ہے، جنوری 2021 میں ایک اور طیارے بوئنگ 777 کو ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے واجبات کی عدم ادائیگی کے معاملے پر 2 ہفتوں کے لیے روک لیا گیا تھا۔

Read Comments