کاکا کی چار سال بعد میلان میں واپسی
میلان: برازیل کے اٹیکنگ مڈ فیلڈر کاکا ریال میڈرڈ میں چار ناخوشگوار سال گزارنے کے بعد ایک بار پھر اطالوی کلب اے سی میلان واپس آگئے ہیں۔
ریال میڈرڈ میں برازیلین اسٹار کے گزارے گئے چار ان کے لیے کوئی خوشگوار لمحہ ثابت نہ ہو سکے جہاں اسٹار سے سجی ٹیم میں معروف اسٹار کو انجری، تنخواہ کے مسائل اور دیگر وجوہات کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کی کلب کی جانب سے ناقص فارم اور انجری مسائل کی وجہ سے ان کی 2014 ورلڈ کپ کی ممکنہ ٹیم میں شمولیت پر سیاہ بادل چھائے ہوئے ہیں جہاں اس سے قبل ان کو رواں سال ہونے والے کنفیڈریشن کپ کے اسکواڈ سے بھی ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
کاکا کو گزشتہ کئی سال سے انجری مسائل کا سامنا ہے جس میں 2010 کے بعد ہونے والی الٹے گھٹنے کی انجری بھی شامل ہے۔
اسٹار کھلاڑی 2009 میں 65 ملین یورو کے عوض ہسپانوی کلب کا حصہ بنے تھے جہاں وہ چار سال کے دوران محض 82 لیگ میچز کھیل سکے اور ان میچز میں بھی ان کا کردار معاون سے زیادہ نہ تھا۔
کاکا نے پیر کو لینیٹ ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں واپسی پر بہت خوش ہوں، میڈرڈ میں ایک مشکل دور کے بعد میں یہاں واپسی کے خواب دیکھ رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں 2009 میں کلب چھوڑنے پر خوش نہیں ہوں لیکن یہ سب چیزیں فٹبال میں ہوتی رہتی ہیں۔
برازیلین اسٹار نے کہا کہ یہ نوجوان اور بہترین کھلاڑیوں سے سجی ٹیم ہے اور میں روبنہو کو ٹیم میں دیکھ کر بہت خوش ہوں، جسمانی طور میں فٹ ہوں، مجھے کوئی مسئلہ درپیش نہیں اور میں کھیلنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے اس یقین کا اظاہر کیا کہ میلان کی بدولت وہ دوبارہ برازیلین اسٹار کا حصہ بننے میں کامیاب ہو جائیں گے اور ورلڈ کپ میں بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
کاکا نے 2002 میں متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے ورلڈ میں شرکت کی تھی لیکن 2006 اور 2010 میں وہ برازیلین ورلڈ ٹیم کے ایک اہم رکن تھے۔
دوسری جانب میلان کا کہنا ہے کہ انہوں کلب میں واپس آنے والے اسٹار سے دو سال کا معاہدہ کیا ہے۔
کاکا اس سے قبل بھی اطالوی کلب ٹیم کیلیے چھ سال کھیل چکے ہیں جہاں انہوں نے اپنے پہلے ہی سیزن میں شاندار کامیابی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 گول اسکور کیے تھے۔
ان کی بدولت اے سی میلان نے 2007 کی چیمپیئنز لیگ ٹرافی اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔