Dawn News Television

شائع 05 جون 2023 09:11am

ترکیہ کے ساتھ سالانہ تجارت 5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان آئندہ تین برسوں میں دوطرفہ تجارت کے حجم کو 5 ارب ڈالرسالانہ تک بڑھانے کا ہدف قابل حصول ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق شہباز شریف نے انقرہ کا 2 روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچنے کے بعد ٹوئٹر پر یہ بیان جاری کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کلیدی ترک بزنس گروپس سے ملاقاتوں کے دوران پاکستان میں زراعت، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اورتعمیرات کے شعبہ میں سرمایہ کاری اورتجارت کی ضرورت پر روشنی ڈالی ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ اس سال پاکستان اورترکیہ کے درمیان 31 مئی سے آپریشنل ہونے والے تجارت کے تاریخی معاہدے سے بہترین مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ موجودہ شراکت داری کو بڑھانے اور نئے منصوبوں کے قیام میں ترکیہ کی کاروباری برادری کی دلچسپی دیکھ کر خوشی ہوئی۔

انقرہ کے دورے کے دوران وزیراعظم نے متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے صدر رجب طیب اردوان کو 28 مئی کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات عقیدے، ثقافت اور تاریخ کی مشترکات میں گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں اور باہمی اعتماد اور علاقائی اور عالمی معاملات پر نظریات کی ہم آہنگی سے مضبوط ہوتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بار بار قیادت کی سطح پر ہونے والے تبادلے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے لازوال رشتوں کی ایک واضح خصوصیت ہیں۔

Read Comments