کرینہ کپور کی پہلی او ٹی ٹی فلم ’جانِ جاں‘ کی تعریفیں
بولی وڈ ’بے بو‘ کہلانے والی اداکارہ کرینہ کپور کے 23 سالہ کیریئر میں ان کی پہلی او ٹی ٹی پلیٹ فارم فلم ’جانِ جاں‘ میں ان کی اداکاری کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
کرینہ کپور نے سال 2000 میں ابھیشک بچن کے ساتھ فلم ’رفیوجی‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے 23 سال کیریئر میں شاندار فلموں میں کام کیا۔
تاہم انہوں نے پہلی بار کسی بھی او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے لیے کام کیا ہے اور ان کی اداکاری کو سراہا جا رہا ہے۔
کرینہ کپور خان نے اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس کی کرائم تھرلر فلم ’جانِ جاں‘ میں مایا کا کردار ادا کرکے شائقین کے دل جیت لیے۔
’جانِ جاں‘ کو نیٹ فلیکس پر 21 ستمبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جس میں ان کے ہمراہ جے دیپ اہلاوت اور وجے ورما سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
’جانِ جاں‘ کی ہدایات سنجے گھوش نے دی ہیں اور فلم کو شاندار مناظر کی وجہ سے کافی سراہا جا رہا ہے۔
’جانِ جاں‘ کی کہانی جاپانی ناول (دی ڈووشن آف سسپیکٹ ایکس) سے ماخوذ ہے جو 2006 میں شائع ہوا تھا۔
مذکورہ ناول کی کہانی سسپنس اور تھرلر سے بھرپور ہے، جس میں ایک طلاق یافتہ خوبصورت خاتون کے کردار سمیت قتل اور اس کی تحقیق کے گرد گھومتے واقعات کو بیان کیا گیا ہے۔
’جانِ جاں‘ میں کرینہ کپور بھی طلاق یافتہ خوبصورت خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیتی ہیں جو اپنی خوبصورتی سے دوسروں کو دیوانہ بھی بناتی ہیں لیکن ان کا ماضی انتہائی اذیت ناک ہوتا ہے۔
کرینہ کپور کے علاوہ دیگر اداکاروں کی اداکاری کو بھی سراہا جا رہا ہے اور شائقین نے ٹوئٹر پر فلم کے ریلیز ہوتے ہی اس کی کاسٹ کی تعریفیں کیں۔
دوسری جانب ’جی کیو میگزین‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ’جانِ جاں‘ میں اداکاری کے لیے کرینہ کپور کو 10 سے 12 کروڑ روپے کا معاوضہ دیا گیا جو ان کی پہلی ڈیجیٹل فلم ہے۔
شوبز ویب سائٹ ’پنک ولا‘ کے مطابق فلم کی ریلیز کے بعد شائقین نے ٹوئٹر پر نہ صرف کرینہ کپور بلکہ فلم کی دیگر کاسٹ اور فلم ساز کی بھی تعریفیں کیں۔