حافظ سعید کی حوالگی کی درخواست: ’پاکستان، بھارت کے درمیان حوالگی کا کوئی دوطرفہ معاہدہ نہیں ہے‘
دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے حافظ سعید کی حوالگی کی درخواست موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حوالگی کا کوئی دوطرفہ معاہدہ نہیں ہے۔
بھارت کی حافظ سعید کی حوالگی کی درخواست سے متعلق میڈیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ’پاکستان کو بھارتی حکام کی جانب سے ایک درخواست موصول ہوئی ہے جس میں نام نہاد منی لانڈرنگ کیس میں حافظ سعید کی حوالگی کی درخواست کی گئی ہے۔‘
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حوالگی کا کوئی دوطرفہ معاہدہ موجود نہیں ہے۔
قبل ازیں بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ ان کے ملک نے پاکستان سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے کہ حافظ سعید کو 2008 کے ممبئی حملوں میں ملوث ہونے کے شبہے میں ٹرائل کے لیے بھارت کے حوالے کیا جائے۔
خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق ترجمان ارندم باغچی نے ایک بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم نے متعلقہ معاون دستاویزات کے ساتھ حافظ سعید کی حوالگی کی درخواست حکومت پاکستان کو بھیج دی ہے۔‘