پاکستان

ترقیاتی کاموں پر پابندی لگائی جائے، ایم کیو ایم کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

بلدیاتی اداروں کے فنڈز سے ترقیاتی کام انتخابات پر اثر انداز ہو رہے ہیں، میئر اور بلدیاتی نمائندے سرکاری فنڈز کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں، خالد مقبول صدیقی
Welcome

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے فنڈز سے ترقیاتی کام انتخابات پر اثر انداز ہو رہے ہیں اس لیے انتخابی حلقوں میں ترقیاتی کاموں پر پابندی لگائی جائے۔

ڈان نیوز کے مطابق خالد مقبول صدیقی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو لکھے گئے خط میں موقف اپنایا گیا کہ بلدیاتی اداروں کے فنڈز سے ترقیاتی کام انتخابات پر اثر انداز ہو رہے ہیں اور بلدیاتی میئر اور ٹاؤن ناظمین ترقیاتی کاموں کا افتتاح کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے شیڈول کے بعد قواعد و ضوابط ترقیاتی کاموں کی اجازت نہیں دیتے لیکن اس کے برعکس میئر اور بلدیاتی نمائندے سرکاری فنڈز کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سارا معاملہ صاف و شفاف انتخابات کے عمل کو سبوتاژ کرنے کا باعث بن رہا ہے لہٰذا الیکشن کمیشن فوری مداخلت کرتے ہوئے انتخابی حلقوں میں ترقیاتی کاموں پر پابندی لگائے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے نامزد امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کرنا الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انسانوں کی جگہ اے آئی کانٹینٹ کریئیٹرز نے لے لی، لاکھوں ڈالرز کمانے لگے

بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں منفرد عالمی ریکارڈ بن گیا

ایران: جنرل قاسم سلیمانی کے مقبرے کے قریب دھماکے، 103 افراد جاں بحق