Dawn News Television

شائع 06 جنوری 2024 07:34am

اسرائیل کی غزہ کے رہائشی علاقوں میں بمباری، مزید 162 فلسطینی شہید

صیہونی فوج نے رات کی تاریکی میں ایک بار پھر غزہ کے مکینوں پر بارود کی برسات کردی، 24 گھنٹوں میں مزید 162 فلسطینی شہید ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند گھنٹوں میں اسرائیلی فورسز نے تل نابلس، تلکرم، البریح اور قلقیلیہ کے علاوہ العروب پناہ گزین کیمپ پر چھاپے مارے، اس کےعلاوہ اسرائیل کی جانب سے خان یونس اور دیر البلاح پر تازہ حملوں میں مزید 15 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے 24 گھنٹوں میں مزید 162 فلسطینی شہید ہوئے، شہدا کی مجموعی تعداد 22 ہزار 600 ہوگئی جبکہ تقریبا 57 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے سربراہ گریفتھس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے جنوب میں واقع العمل ہسپتال پر حملے کے بعد غزہ فلسطینیوں کے لیے ’موت اور مایوسی‘ کا مقام بن گیا ہے۔

صیہونی فوج کی غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان پر بھی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جنوبی علاقے میں ایک بار پھر حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے اپنے تازہ بیان میں اسرائیل کو سخت نتائج سے خبردار کردیا ۔

Read Comments