پاکستان

گزشتہ سال سندھ پولیس کے 3ہزار سے زائد مقابلے، 289 مشتبہ افراد ہلاک

گزشتہ سال صوبائی پولیس نے مجموعی طور پر 26ہزار 914 ملزمان کو گرفتار کیا، ایک ہزار 726 جرائم پیشہ گروہوں اور گینگز کو ختم کیا گیا۔

سندھ پولیس نے کہا ہے کہ گزشتہ سال مختلف آپریشنز میں 26ہزار 914 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 3ہزار 158 مقابلوں میں 289 مشتبہ افراد مارے گئے۔

پولیس ترجمان کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں بتایا گیا کہ پولیس نے سندھ بھر میں مشتبہ ڈاکوؤں اور مجرموں کے ساتھ کل 3ہزار 158 مقابلے کیے جس میں 289 مشتبہ افراد مارے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں کے دوران صوبے بھر میں مجموعی طور پر 1ہزار 726 جرائم پیشہ گروہوں اور گینگز کو ختم کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال صوبائی پولیس نے مجموعی طور پر 26ہزار 914 ملزمان کو گرفتار کیا جن میں دہشت گرد، ٹارگٹ کلرز، نوٹیفائیڈ ڈاکو، ہائی وے ڈکیت، اغوا کار اور اشتہاری شامل ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔