Dawn News Television

شائع 26 جنوری 2024 05:23pm

ملک بھر میں موبائل سروسز تک رسائی 90 فیصد تک پہنچ گئی

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موبائل سروسز تک رسائی 90 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور موبائل فون صارفین کی تعداد 19.2 کروڑ تک جاپہنچی ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیا ن کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے ملاقات کی۔

ملاقات میں چیئرمین پی ٹی اے نے وزیرِ اعظم کو سالانہ رپورٹ 2023 پیش کی۔

انہوں نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ گزشتہ برس کے مقابلے پی ٹی اے کی آمدن 17 فیصد اضافے کے بعد 850 ارب تک پہنچ گئی، جبکہ ملک بھر میں موبائل سروسز تک رسائی 90 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 2023 میں موبائل فون صارفین کی تعداد 19.2 کروڑ جبکہ ہائی اسپیڈ براڈبینڈ صارفین کی تعداد 13 کروڑ تک پہنچ گئی۔

Read Comments