Dawn News Television

شائع 06 مارچ 2024 06:47pm

اسٹاک مارکیٹ میں ہیرا پھیری: اسپانسرز، بروکریج ہاؤس منیجمنٹ کےخلاف الگ الگ مقدمات درج

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اسٹاک ایکسچینج میں مختلف حصص کی قیمتوں میں ہیرا پھیری میں ملوث اسپانسرز اور بروکریج ہاؤس مینجمنٹ کےافراد کے خلاف علیحدہ علیحدہ فوجداری مقدمات درج کروا دیے۔

ایس ای سی پی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ملوث افراد نے حصص کی خریداری کے جعلی آرڈرز کا بھی اندراج کروایا اور پھر ان ٹرانزیکشنز کی ایک بڑی تعداد کو منسوخ کردیا، جس کے نتیجے میں ممکنہ سرمایہ کاروں کو دھوکا دینے کے لیے فرضی کوٹیشن بنائے گئے۔

ملزمان نے ان مخصوص حصص کی خریداری کے بڑے آرڈرز دینے کے لیے اپنے صارفین کے اکاؤنٹس کا غلط استعمال بھی کیا، جس کا مقصد حصص کی طلب میں اضافے کا رجحان کا غلط تاثر پیدا کرکے سرمایہ کاروں کو راغب کرنا تھا۔

کمیشن نے کہا کہ سیکورٹیز ایکٹ 2015 کے مطابق مارکیٹ میں ہیرا پھیری ایک مجرمانہ جرم ہونے کی وجہ سے 3 سال تک قید اور 20 کروڑ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ کیپٹل مارکیٹ کی سالمیت کو یقینی بنانے اور سرمایہ کاروں کوبدعنوانی سے بچانے کے لیے مؤثر نگرانی اور نفاذ کے اقدامات کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

Read Comments