پاکستان

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان بھر میں مظاہرے، ریلیوں کا انعقاد

عورت مارچ مختلف تنظیموں کی جانب سے ملک بھر میں خواتین کے حقوق کی فراہمی کے لیے مظاہرے کیے گئے جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان بھر میں خواتین نے ریلیاں نکالتے ہوئے اپنے حقوق کی فراہمی کے لیے آواز بلند کی۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 8 مارچ کو عالمی دن کے موقع پر خواتین کے حقوق، جنسی ہراسانی، پارلیمنٹ میں خواتین کی کم نمائندگی سمیت مختلف مسائل پر آواز اٹھانے والی تنظیم عورت مارچ کے زیر اہتمام ملک بھر میں مظاہرے کیے گئے۔

اسلام آباد میں عورت مارچ کے زیر اہتمام ریلی میں خواتین نے بھرپور انداز میں شرکت کی اور شرکا نے نعرے بازی اور تقریریں کرنے کے ساتھ ساتھ ڈانس بھی کیا۔

عورت مارچ کی منتظم اعلیٰ فرزانہ باری نے کہا کہ ہمیں ثقافتی، جسمانی اور جنسی سمیت ہر طرح کے تشدد کا سامنا ہے اور خواتین کو کام کی جگہوں، سڑکوں اور گلیوں پر خواتین کو ہراسانی، ریپ اور چائلڈ میرج جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لوگوں کو سزا نہیں ملتی اور استثنیٰ کا کلچر عام ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان میں کام کی جگہوں پر صرف 21 فیصد خواتین کی افرادی قوت ہے اور دیہی علاقوں میں اسکول جانے والی لڑکیوں کی تعداد 20 فیصد سے بھی کم ہے۔

گزشتہ ماہ ہونے والے عام انتخابات میں 266 نشستوں میں سے صرف 12 پر خواتین براہ راست پارلیمان میں منتخب ہوئیں۔

اسلام آباد کی طرح لاہور میں بھی خواتین نے احتجاج کیا اور 400 کے قریب خواتین کے اس اجتماع میں افغان مہاجرین اور غزہ میں شہید ہونے والے بچوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

کراچی میں بھی عورت مارچ سمیت مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام خواتین کے حقوق کے لیے ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔

دوسری جانب دائیں بازو کی مذہبی جماعتوں کی خواتین کے زیر اہتمام بھی لاہور اور کراچی میں مظاہرے کیے گئے جس میں عورت مارچ میں لگائے جانے والے نعروں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مذمت کی گئی۔

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام بھی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر مارچ کیا گیا جس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے آج کے دن کو مظلوم فلسطینی خواتین کے نام کرنے کا اعلان کیا۔

عالمی یوم خواتین کی ریلی میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جب بھی جنگ ہوتی ہے سب سے زیادہ خواتین متاثر ہوتی ہیں، امریکہ کی عراق، شام اور افغانستان کی جنگ میں سب سے خواتین متاثر ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں مرد جنگوں کے فیصلے کرتے ہیں وہاں ہمیشہ عورت متاثر ہوتی ہے مگر اسلام نے عورت کو سب سے زیادہ عزت دی۔

اسی طرح آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں عالمی یوم خواتین پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا اور ویمن یونیورسٹی کی طالبات کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں شریک طالبات نے مقبوضہ کشمیر کی خواتین پر بھارتی مظالم بند کرنے اور ان کے حقوق کےلیے نعرے بلند کیے۔