Dawn News Television

شائع 08 اپريل 2024 12:54am

کام کرنے کے باوجود عہدے سے ہٹانے پر سوال ضرور ہوگا، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کام کرنے کے باوجود مجھے گورنرشپ سے ہٹانے پر سوال ضرور ہوگا۔

ڈان نیوز کے پروگرام ’ان فوکس‘ میں اینکر نادیہ نقی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کے علاوہ فاروق ستار، مصطفیٰ کمال سمیت قیادت کہہ چکی ہے کہ وہ ہی ایم کیو ایم کی جانب سے آئندہ بھی گورنر رہیں گے۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا گورنر سندھ کے لیے نسرین جلیل یا دیگر کے جو نام سامنے آرہے ہیں وہ نام ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے نہیں آرہے، خوش بخت شجاعت کو گورنر سندھ بنایا گیا تو وہ ایم کیوایم کی تصور نہیں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں بغیر سرکاری فنڈنگ آئی ٹی یونیورسٹی قائم کی، مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر اکاؤنٹس کو سود سے پاک کیا، مسلمان ملازمین کے لیے نماز لازمی کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ دن میں 17 گھنٹے کام کرکے اپنے دروازے لاکھوں عوام کے لیے کھولے گئے، کام کرنے کے باوجود گورنرشپ سے ہٹانے پر سوال ضرور ہوگا۔

Read Comments