Dawn News Television

شائع 16 اپريل 2024 06:52pm

پی ٹی آئی دور حکومت کی پالیسی میں ترمیم، اہم تعیناتیوں میں عمر کی شرط ختم کرنے کی سمری تیار

وفاقی حکومت نے اہم تعیناتیوں کے لیے تحریک انصاف کے دور حکومت کی پالیسی میں ترامیم کرنےکافیصلہ کرتے ہوئے 65 سال تک کی عمر کی حد ختم کرنے کی سمری تیار کرلی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اہم عہدوں پر تعیناتیوں کے لیے عمر کی بالائی حد 65 سال کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیاہے، اس حوالے سے سمری تیار کرلی گئی ہے، حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ترامیم کے بعد نئی تعیناتیوں کے لیے عمر کی کوئی بالائی حد نہِیں ہوگی، اس اقدام سے اسپیشل پروفیشنل پے اسکیلز پر نئی تعیناتیوں کی راہ ہموار ہوگی، ترامیم کے بعد اب 65 سال کی عمر کے بعد بھی تعیناتی ہوسکے گی اور موجودہ تعیناتی میں بھی 65 سال کی عمر کے بعد توسیع کی ترمیم بھی سمری کا حصہ ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام سے باصلاحیت پیشہ وارانہ تکنیکی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی، نئی تعیناتیوں سے وفاقی وزارتوں اورڈویژنزکی استعداد کار میں بہتری لائی جاسکے گی، ملک میں نئے ٹیلنٹ کےفروغ کے لیے 2019 کی پالیسی میں ترامیم ضروری ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزارتوں اورڈویژنز میں گورننس کے نظام میں جدت لا کر مزیرمؤثر بنایاجائےگا۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب زیب کی سربراہی میں قائم کمیٹی نےترامیم تجویز کی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تھی۔

Read Comments