Dawn News Television

شائع 26 اپريل 2024 09:24pm

وزیراعظم کا کرپشن میں ملوث ایف بی آر ملازمین کو نوکری سے برخاست کرنے کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) میں چوری روکنے کے لیے کرپٹ اور نااہل افسران کو ملازمت سے برخاست کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے۔

ڈان نیوز کے مطابق ایف بی آر میں اربوں روپے کی چوری روکنے کے لیے شہباز شریف کی ہدایت پر ایف بی آر کے کرپٹ اور نااہل افسران کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا۔

وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر مکمل جانچ پڑتال کے بعد ان لینڈ ریونیو سروس اور پاکستان کسٹمز کے گریڈ 21 اور گریڈ 22 کے 12 افسران کو او ایس ڈی بنا دیا گیا۔

اس سلسلے میں دیگر محکموں میں ڈیپوٹیشن پر گئے کرپٹ ایف بی آر افسران کی خدمات بھی واپس لے کر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کرپٹ اور نااہل افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کرپشن میں ملوث افسران کو ملازمت سے برخاست کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے۔

وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ کرپٹ اور نااہل افسران کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان کی جگہ ایماندار اور فرض شناس افسران کو اہم پوسٹوں پر لگایا جائے گا۔

Read Comments