Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 اپريل 2024 09:18pm

شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے ریاض پہنچ گئے

وزیراعظم محمد شہباز شریف عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے حوالے سے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق ریاض کے رائل ایئرپورٹ پر ریاض ریجن کے ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبد الرحمٰن بن عبد العزیز نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

ہفتہ کو وزیر اعظم کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف 28 سے 29 اپریل 2024 تک منعقد ہونے والے عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے بارے میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اس دورے میں وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔

اس دورے کی دعوت ولی عہد اور وزیراعظم سعودی عرب محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین پروفیسر کلاؤس شواب نے دی تھی۔

وزیر اعظم اور دیگر وزرا تجارت اور سرمایہ کاری کے اقدامات، سرمایہ کاری کے نئے فریم ورک، سپلائی چین کی تنظیم نو، پائیدار ترقی اور توانائی کے منظر نامے سے متعلق مسائل پر ڈبلیو ایم ایف کی بات چیت میں شرکت کریں گے۔

فورم میں اعلیٰ سطح کے وفود کی شرکت خاص طور پر عالمی صحت کے ڈھانچے میں پاکستان کی ترجیحات، جامع ترقی، علاقائی تعاون کو زندہ اور ترقی اور توانائی کی کھپت کو فروغ دینے کے درمیان توازن قائم کرنے کی ضرورت کو پیش کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گی۔

اس دورے کے دوران وزیراعظم اور ان کا وفد سعودی قیادت، بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور تقریب میں شریک دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کرے گا۔

Read Comments