جامشورو: ایم نائن موٹر وے پر مزدہ اور ٹریلر میں تصادم، 6 افراد جاں بحق
سندھ کے ضلع جامشورو میں ایم نائن موٹر وے پر لونی کوٹ کے قریب منی ٹرک اور ٹریلر میں تصادم ہو گیا، جس کے نتیجے میں 2 بھائیوں سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 4 شدید زخمی ہو گئے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر حادثے میں چار افراد جاں بحق ہوئے، 6 شدید زخمیوں کو سول ہسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا، جہاں مزید 2 افراد دم توڑ گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد اور زخمیوں کو سول ہسپتال حیدر آباد منتقل کر دیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، حادثے کا شکار افراد جامن سے بھرا مَنی ٹرک حیدرآباد سے لے کر کراچی جا رہے تھے۔
جامشورو ایم 9 موٹر وے پر ایک اور حادثہ
دریں اثنا، جامشورو ایم 9 موٹر وے پر ایک اور حادثہ کار اور منی ٹرک کے درمیان ہوا، جس میں ایک شخص جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق جامشورو میں لونی کوٹ کے قریب ایم 9 موٹر وے پر کار اور مِنی ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں کوٹری کا رہائشی 30 سالہ شخص مظہر آرائیں جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔