لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نگراں چئرمین نے زمبابوے کے خلاف حیران کن شکست کے باوجود کپتان مصباح الحق پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کو گزشتہ ہفتے ہرارے میں کھیلے جانے والے میچ کے دوران 24 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
مہمان ٹیم ون ڈے سیریز کے دوران بھی ایک میچ ہارگئی تھی تاہم سیریز میں اسے دو ایک سے کامیابی ملی تھی۔
ٹیسٹ اور ایک روزہ میچ میں شکست کے باعث سابق کھلاڑیوں نے دفاعی حکمت عملی پر تنقید کا شکار مصباح کو کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔
تاہم پی سی بی چئرمین نے کپتان کا دفاع کرتے ہوئے کہا 'میں مصباح کی کپتانی سے مطمئن ہوں'۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا 'کپتان کو تبدیل کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا'۔
انہوں نے زمبابوے سے حالیہ شکست پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا 'اگر امید کے برخلاف بھی نتائج آئے ہیں تو بھی کوئی زلزلہ نہیں آیا'۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ کرکٹ کی سطح پر تعلقات پوری طرح بحال کرنے کے خواہاں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ان کو اس حوالے سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔