کھیل

افتخار احمد کی عمران خان کی تصویر کے ساتھ پوسٹ، سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل

آل راؤنڈر افتخار احمد کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے پوسٹ کیا گیا تھا، جس میں بانی کی تصویر بھی موجود تھی۔

قومی کرکٹ ٹیم کےکھلاڑی افتخار احمد کی جانب سے ایکس پر کی جانے والی پوسٹ نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے، جس پر دلچسپ اور تنقیدی تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

ایکس پر کرکٹر افتخار احمد کی جانب سے پوسٹ کیا گیا تھا، جس میں ایک تصویر موجود تھی، اس تصویر میں سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان، پاکستان کا جھنڈا اور جے ایف 17 تھنڈر دکھائی دے رہا تھا۔

اس پوسٹ میں افتخار احمد نے کہا کہ میرے ہیرو، جبکہ ساتھ ہی پاکستان کا جھنڈا بھی شئیر کیا تھا۔

اس پوسٹ پر دعمل دیتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی کی جانب سے بھی افتخار احمد کے پوسٹ کو ری پوسٹ کرتے ہوئے پاکستان کا جھنڈا شئیر کیا گیا ہے۔

اس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے، کامران علی نے لکھا کہ ٹیم سے افتخار احمد کو ڈراپ کرنے کا وقت ہوگیا ہے۔

جبکہ ایکس صارفین نے ’چاچا‘ کو فیورٹ بھی قرار دے دیا ہے، ایک صارف نے لکھا کہ اب سے آپ فیورٹ چاچا ہو، لیکن ایک صارف نے لکھا بھائی کو معلوم ہے کہ انہیں ہر جگہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور ان کا کیرئیر بھی جلد ختم ہو سکتا ہے، تو ہمدردیاں اور پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ایسا کیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ چاچا کو یہ حق حاصل ہےکہ وہ کسی کی بھی حمایت کریں، جیسے ہمیں یہ حق حاصل ہے کہ ہم ان کی کارکردگی پر تنقید کریں، اپنی کارکردگی پر بھی توجہ دیں، ورلڈ کپ میں آپ کی کاکردگی خراب تھی، پورے پاکستان نے اس پر تنقید کی، ایسی حکمت عملی سے ہم بھولیں گے نہیں۔

لیکن ایک صارف ایسا بھی تھا جسے یہ پوسٹ بے حد پسند آیا، ردعمل کرتے ہوئے صارف نے لکھا کہ ’لو یو‘ ساتھ ہی ایموجی بھی شئیر کردیا۔

کچھ ایکس صارفین نے اسے تفریح کا ذریعہ بھی بنایا، ایک صارف نے لکھا کہ جا یار! معاف کیا، جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’آج کے بعد کوئی تنقید نہیں ہوگی، چاچے افتخار پر‘۔

طاہر ملک نامی ایکس صارف نے لکھا کہ ’گریٹ چاچو‘۔ تاہم سعدیہ راجپوت نامی ایکس صارفہ نے الزام عائد اور تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ افتخار چاچاکرکٹ میں آپ کسی کا کے توہیں نہیں، تو اپنی جیب بھر بھر کر دل نہیں بھرا؟ کرکٹ تباہ کردی ہماری تم جیسوں نے، آپ کی عمر بہت ہوگئی پیسہ بھی بہت کما لیا اب گھر آرام کرنا چاہیے۔