کھیل

محمد علی کا جبڑا توڑنے والے نورٹن چل بسے

سابق باکسنگ چیمپیئن اور اپنے دور کے بہترین باکسر کین نورٹن بدھ کو ہارٹ اٹیک کے باعث 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

لاس اینجلس: سابق باکسنگ چیمپیئن اور اپنے دور کے بہترین باکسر کین نورٹن بدھ کو حرکت قلب بند ہونے(ہارٹ اٹیک) سے 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

ان کی سب سے مشہور فائٹ 1973 میں شہرہ آفاق کھلاڑی محمد علی کلے کے خلاف تھی جہاں انہوں نے کلے کو ہرانے کے ساتھ ساتھ ان کا جبڑا بھی توڑ دیا تھا۔

سابق باکسنگ اسٹار کے دوست اور منیجر پیٹرک تینور نے کہا کہ نورٹن بدھ کی دوپہر ایریزونا کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔

تینور نے اے ایف سے گفتگو میں بتایا کہ باکسنگ اسٹار کی بیوی نے انہیں بلایا اور کہا کہ کین اب نہیں رہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے انہیں کچھ دن پہلے دیکھا تھا، ان کا دماغ ہمیشہ سے بالکل صحیح کام کر رہا تھا لیکن چند سال قبل لاس اینجلس کار ایکسیڈنٹ کے بعد سے ان کے بولنے کی صلاحیت متاثر ہوئی تھی۔

نورٹن نے اپنے بہترین کیریئر کے دوران 42 میچوں میں فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 33 مرتبہ ناک آؤٹ کیا، اس دوران انہیں صرف سات بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ صرف ایک میچ ڈرا ہوا۔

ان کا یہ ریکارڈ اس لحاظ سے انتہائی بہترین کہ انہوں نے اپنے دور اور باکسنگ کی تاریخ کے لیجنڈ کھلاڑیوں محمد علی کلے، جو فریزیئر، جارج فورمین، لیون اسپنکس اور کمی ینگ کا سامنا کیا۔

فور مین نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر نورٹن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کین ہم میں سب سے زیادہ خطرناک تھے۔

باکسر لیری ہولمس نے بھی ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ہے کہ جب سے میں نے نورٹن کی موت کی خبر سنی ہے، میرا دل بہت بھاری ہو رہا ہے۔

نورٹن کو لاس اینجلس ٹائمز نے 1977 میں 'فادر آف دی ایئر' کا خطاب دیا تھا۔

نورٹن 1973 میں اس وقت منظر عام پر آئے تھے جب انہوں نے سین ڈیاگو میں محمد علی کلے کو شکست دے کر دنیا کو حیران کر دیا تھا۔

اس کے بعد انہوں نے مزید دو بار کلے کا سامنا کیا لیکن دونوں بار 1973 اور 1976 میں انہیں مات ہوئی۔

سن 1974 میں باکسر کو فورمین کے ہاتھوں ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن ہیوی ٹائٹل کے لیے ہونے والے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس میچ میں نورٹن کے تین مرتبہ ناک آؤٹ ہونے کے بعد مقابلے کو روک کر فورمین کو فاتح قرار دیا گیا تھا۔

'دی بلیک ہرکولی' کے نام سے مشہور امریکی اسٹار فائٹر 1978 میں شکست کے بعد ورلڈ ہیوی ویٹ تائٹل کے اعزاز سے محروم ہو گئے تھے۔

سن 1986 میں باکسر کا ایک کار ایکسیڈنٹ ہوا تھا اور اس کے  تین سال بعد انہیں ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا۔

سابق عالمی ہیوی ویٹ مائیک ٹائیسن نے بھی ٹوئٹر پر نورٹن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک بہترین انسان اس دنیا سے چلا گیا، وہ باکسنگ دنیا کے لیجنڈ اور ایک بہترین انسان تھے۔