پاکستان

عمران خان کی زندگی کو بشریٰ بی بی، علی امین گنڈا پور سے خطرہ ہے، فیصل واڈا

اس کا پہلا ثبوت قاسم سوری کا ٹوئٹ ہے جس میں انہوں نے ان کے ذہنی توازن کھو بیٹھنے یعنی خان کو پاگل قرار دینے کا بیانیہ بنانے کی شروعات کی، سینیٹر

سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی زندگی کو ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور اُن کے حواریوں سے خطرہ ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جان کو خطرے کا پہلا ثبوت مفرور بھگوڑے قاسم سوری کا ٹوئٹ ہے، جس میں اُس نے عمران خان کے ذہنی توازن کھو بیٹھنے یعنی ان کو پاگل قرار دینے کا بیانیہ بنانے کی شروعات کی۔

انہوں نے کہا کہ اب قوم سمجھ رہی ہے کہ یہ سب مل کر کیا کرنا چاہ رہے ہیں؟ لیکن ہمیں عمران خان کی زندگی عزیز ہے اور ہمیں بانی پی ٹی آئی کو ان لوگوں سے بچانا ہے۔

فیصل واڈا نے لکھا کہ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے قاسم سوری کے اس گھٹیا ٹوئٹ کی تردید کی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی سارے رہنماؤں نے سمجھوتہ کیا ہوا ہے، ساری لیڈر شپ نے اب فیصلہ کیا ہے کہ اس خاتون (بشریٰ بی بی) نے ہمارے لیے مصیبت کھڑی کردی ہے، اب انہیں گرفتار کروائیں گے۔

فیصل واڈا نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور ابھی گرفتار نہیں ہوں گے لیکن بشریٰ بی بی کو گرفتار کیا جائے گا۔

سینیٹر فیصل واڈا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگنے والی ہے، اگر کوئی جمہوری بیچ میں آیا تو اس کو جمہور بنا دیا جائے گا، پابندی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا حال ایم کیو ایم پاکستان جیسا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم لندن پر بھی پابندی لگانے کا مقصد انتشار کو روکنا تھا، جلد ہی پی ٹی آئی سے مخلص لوگوں کی ’پی ٹی آئی پاکستان‘ بن جائےگی۔