وزیر داخلہ سندھ کا ’زہریلا چارہ‘ کھانے سے 100 سے زائد بکریوں کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم
وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے میرپور خاص میں مبینہ طور پر’ زہریلے پودے’ کھلائے جانے سے 100 بکریوں کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیرداخلہ کے ترجمان سہیل احمد جوکھیو نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ’ میرپور خاص ڈویژن کے تعلقہ ڈگری میں 100 سے زائد بکریاں زہریلی گھاس کھانے سے ہلاک ہوئی ہیں۔’
سہیل جوکھیو کا مزید کہنا تھا کہ ’سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے ) کے ڈپٹی سپریٹینڈینٹ کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ واقعہ کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) بھی درج کرلی گئی ہے۔‘
وزارت داخلہ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ضیا الحسن لنجار نے میرپورخاص کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے واقعے کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہیں۔
وزیرداخلہ نے پولیس کو کیس کے حقائق کا پتہ لگانے کے لیے مکمل چھان بین کرنے اور تحقیقات کے نتائج کی روشنی میں اس میں ملوث مشتبہ افراد کے خلاف ’سخت قانونی کارروائی‘ کی ہدایات بھی جاری کیں ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال جانوروں پر ظلم کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں، جون میں سندھ کے علاقے سانگھڑ میں بااثر افراد نے اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی تھی جس کے بعد پولیس نے بااثر وڈیرے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بجائے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔