پاکستان

پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، عطاتارڑ

آئندہ نسلوں کو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستانی ترکیہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔

اسلام آباد میں پاک ترکیہ فرینڈ شپ ریڈیو میوزیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے ماضی پر فخر نہیں کرسکتی وہ کبھی ترقی نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی ہے، دونوں ممالک کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔

عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ ترکیہ میں پاکستانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جس پر ہم بہت فخر محسوس کرتے ہیں، ہمارے اوپر فرض ہے کہ آئندہ نسلوں کو دونوں ممالک کی دوستی کے حوالے سے دہائیوں پر مبنی تاریخی تعلقات کے حوالے سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے، میوزیم کے قیام کا مقصد آنے والے نسلوں کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کی اہمیت سے روشناس کرانا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات ریڈیو پاکستان کے حوالے سے اس سلسلے کو آگے لے کر چلنا ہے، ریڈیو نے پاکستان میں معاشی ترقی کے فروغ کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات کے دوران لوگوں کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کیا، ملک کے نامور اداکاروں کی اکثریت نے اپنے کریئر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا۔