پاکستان

وزارت ہوابازی کو وزارت دفاع میں ضم کرنے کا فیصلہ نامناسب ہے، سعد رفیق

مسلم لیگ (ن) کے انتخابی منشور میں ریلویز اور ایوی ایشن کو ملا کر وزارت ٹرانسپورٹ بنانےکا وعدہ کیا گیا تھا، لیگی رہنما کا دعویٰ

مسلم لیگ (ن) کے رہنماخواجہ سعد رفیق نے وزارت ایوی ایشن کو ختم کر کے اسے وزارت دفاع میں ضم کرنے کے فیصلے کو نامناسب قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ’اس اقدام سے ایوی ایشن انڈسٹری کو نقصان ہوگا جس پر افسوس ہے۔‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے انتخابی منشور میں ریلویز اور ایوی ایشن کو ملا کر وزارت ٹرانسپورٹ بنانےکا وعدہ کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ رائٹ سائزنگ کرنا تھی تو ریلویز، ایوی ایشن اور پورٹ اینڈ شپنگ کو ملا کر وزارت ٹرانسپورٹ بنائی جا سکتی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے وزارت ہوا بازی کو بطور الگ وزارت ختم کرکے اسے وزارت دفاع میں ضم کردیا تھا۔

وزارت دفاع سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ ہوا بازی سے متعلقہ تمام امور کے لیے وزارت دفاع سے رجوع کیا جائے۔

خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے 14 جنوری 2025 کو وزارت ہوابازی کو وزارت دفاع میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، کابینہ ڈویژن نے اس حوالے سے 4 فروری 2025 کو ایس آر او جاری کیا تھا۔