پاکستان

وزیراعظم ہاؤس آمد پر ترک صدر جب طیب اردوان کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ تقریب

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اردوان کا استقبال کیا، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، پاک فضائیہ کے طیاروں کا فلائی پاسٹ، مہمان صدر نے پودا بھی لگایا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان کا 2 روزہ دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال کیا، مہمان صدر کے لیے پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے مہمان صدر کو سلامی پیش کی جبکہ پاک فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچنے والے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی ایوان وزیراعظم آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

مہمان صدر کو سلامی کے چبوترے پر لایا گیا جہاں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے جس کے بعد مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، مہمان صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے جنہوں نے مہمان صدر سے مصافحہ بھی کیا۔

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان صدر سے وفاقی کابینہ کے ارکان کا فرداً فرداً تعارف کرایا جس کے بعد صدر اردوان نے اپنے وفد کے ارکان سے وزیراعظم کا تعارف کروایا۔

ترک صدر نے ایوان وزیراعظم کے سبزہ زار میں اپنے ہاتھوں سے پودا لگایا، اس موقع پر ملکی سلامتی اور پاک ترک تعلقات اور دونوں ملکوں کے استحکام کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

دریں اثنا، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم ترک صدر اور خاتون کا پرتپاک خیر مقدم کرتی ہے، صدر اردوان کی قیادت میں پاک ۔ ترک برادرانہ تعلقات مضبوط ترہوتے جارہے ہیں۔

ترک صدر رجب طیب اردوان کی پاکستان آمد پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر اردوان بصیرت والے سیاست دان ہیں جنہوں نے ترکیہ کو بدل دیا، صدر اردوان کی قیادت میں پاک ۔ ترک برادرانہ تعلقات مضبوط تر ہوتے جارہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ صدر اردوان کے دورے پر مضبوط تعلقات کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کے خواہشمند ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان گزشتہ رات 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم نے نورخان ایئربیس پر ترکیہ کے صدر کا استقبال کیا۔

اس کے علاوہ نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے استقبال کے لیے موجود رہے۔

اعلامیے کے مطابق پاک-فضائیہ کے جے ایف 17 طیارے ترکیہ کے صدر کے جہاز کو حصار میں اسلام آباد لائے، پاکستان کی فضائی حدود میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے فضائی استقبال کیا۔