پاکستان

مصطفیٰ عامر قتل کیس، گرفتار ملزم شیراز جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

مصطفیٰ عامرکا ڈی این اے والدہ سے میچ کرگیا، پولیس نے مرکزی ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ کے لیے، ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کے منتظم جج نے مصطفی عامر کے اغوا اور قتل کیس میں گرفتار ملزم شیراز عرف شاویز بخاری کو 21 فروری تک کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق مصطفی عامر کے اغوا اور قتل کیس میں پولیس نے گرفتار ملزم شیراز عرف شاویز بخاری کو انسداد دہشت گردی عدالتوں کے منتظم جج کے چیمبر میں پیش کیا۔

مقتول کی والدہ کی جانب سے قبر کشائی کی اجازت کے لیے درخواست دائر کی گئی جس پر عدالت نے درخواست گزار کو متعلقہ جوڈیشل مجسٹریٹ سے رجوع کرنے کے ہدایت کردی۔

ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر نے تصدیق کی کہ گھر کے قالین پر لگا خون مصطفیٰ کا ہی ہے، قالین سے حاصل خون، بال اور دیگر عناصر کا ڈی ای این اے کرایا گیا تھا جب کہ ملزم شیراز نے دوران تفتیش بتایا تھا 3 گھنٹے تک مصطفیٰ پر تشدد کیا گیا۔

عدالت نے ملزم شیراز کو 21 فروری تک کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

دوران سماعت ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی نے عدالت میں شور شرابہ کیا اور زبردستی عدالت کے چیمبر میں گھسنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے انہیں روک دیا۔

دوسری جانب، پولیس نے ملزم ارمغان کے ریمانڈ کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، جس میں موقف اپنایا کہ مقتول کی لاش حب کے قریب سے ملی، چھاپہ مارنے والی ٹیم کے خلاف ایف آئی آر کے آرڈر کو بھی چیلنج کردیا گیا۔

پولیس نے موقف اختیار کیا کہ پولیس پارٹی کے خلاف مقدمے کا حکم سمجھ سے بالا تر ہے، انسداد دہشت گردی عدالتوں کے منتظم جج نے ملزم کو جیل بھیج دیا تھا اور یہ ایک انتہائی سنگین نوعیت کا مقدمہ ہے جب کہ تفتیش شروع ہونے سے پہلے ملزم کو جیل بھیجنا انصاف کے خلاف ہے۔

بعد ازاں، سندھ ہائیکورٹ نے دونوں درخواستیں 17 فروری کوسماعت کیلئے منظور کرلی۔