پاکستان

شیر افضل مروت پارٹی میں انتشار پھیلا رہے ہیں، رہنما پی ٹی آئی

پارٹی کے روکنے پر بھی شیر افضل مروت باز نہیں آتے، وہ جس کی چاہتے ہیں ٹوپی اچھال دیتے ہیں، فردوس شمیم نقوی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے الزام عائد کیا ہے کہ شیر افضل مروت پارٹی میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔

ڈان نیوز کے پروگرام دوسرا رخ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کو بات سمجھ نہیں آرہی، وہ جس کی چاہتے ہیں ٹوپی اچھال دیتے ہیں۔

فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت پارٹی میں انتشار پھیلا رہے ہیں، پارٹی کے روکنے پر بھی شیر افضل مروت باز نہیں آتے، شیر افضل مروت جس کی چاہتے ہیں ٹوپی اچھال دیتے ہیں۔

فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کو ڈی سیٹ کرنے کا عمل پارلیمانی پارٹی کرے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے فواد چوہدری کی جانب سے شعیب شاہین کو تھپڑ مارنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر غیر اخلاقی حرکت کی۔

فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ شعیب شاہین کے ساتھ جو ہوا وہ قابل مذمت ہے۔

واضح رہے کہ آج صبح ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما شیر افضل مروت نے خود کو پارٹی سے نکالے جانے کا ذمہ دار سلمان اکرم راجا کو قرار دے دیا تھا۔

سابق پی ٹی آئی رہنما نے شکوہ کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بس کان میں بات ڈالنے کی دیر ہوتی ہے اور لوگوں کی قسمت کے فیصلے ہو جاتے ہیں، مجھے نکالے جانے کا جواب پارٹی کے پاس بھی نہیں ہے۔

اس سے قبل 12 فروری کو رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پاکستان تحریک انصاف سے نکال دیا گیا تھا۔

2 روز بعد 14 فروری (گزشتہ روز) قومی اسمبلی میں شیر افضل مروت نے پارٹی سے نکالے جانے پر اپنی ہی پارٹی سے سوال پوچھا تھا کہ مجھے کیوں نکالا؟

اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا تھا، شیر افضل مروت اپوزیشن گیٹ کے بجائے حکومتی گیٹ سے ایوان میں داخل ہوئے جب کہ ان کی اسمبلی آمد پر حکومتی اراکین نے ڈیسک بجائے جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ لوگ انہیں مروا نہ دینا۔

اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اسپیکر نے موبائل کمپنیوں کے ضم ہونے پر ضمنی سوال کرنے کا کہا تھا تو شیر افضل مروت نے کہا کہ میرا سوال تو ابھی صرف اپنے لوگوں سے ہے کہ ’مجھے کیوں نکالا ہے؟‘