قومی شاہراہوں پر حادثات (ن) لیگ کی نااہلی ہے، شرجیل انعام میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے صوبے میں ہائی ویز پر ٹریفک حادثات کا ملبہ وفاقی حکومت پر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ قومی شاہراہوں پر حادثات (ن) لیگ کی نااہلی ہے، وفاق میں سب سے زیادہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت رہی ہے، اگر سڑکیں مکمل نہیں ہوئیں تو یہ (ن) لیگ کی وفاقی حکومت کی نااہلی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سیہون میں ہونے والے حادثے پر پنجاب کی وزیر اطلاعات نے سیاست کرنے کی کوشش کی، ان کے بیان سے لگتا ہے کہ ان کو چیزوں کا علم ہی نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ اور وزیر اطلاعات ہوم ورک کے بغیر بیانات دیتے ہیں، پنجاب کی وزیر اعلیٰ نے بیان دیا کہ ای وی بس ہم نے شروع کی، آٹزم سینٹر ہم نے پہلی بار بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیہون والا روڈ، سکھر ۔ حیدرآباد روڈ بھی نیشل ہائی وے اتھارٹی کا ہے، سیہون کے روڈ پر روزانہ انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے، حکومت سندھ نے 7 ارب روپے دیے لیکن اب تک روڈ نہیں بنا، قومی شاہراہوں پر حادثات (ن) لیگ کی نااہلی ہے، وفاق میں سب سے زیادہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت رہی ہے، اگر روڈز مکمل نہیں ہوئے تو یہ (ن) لیگ کی وفاقی حکومت کی نااہلی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پنجاب کی وزیر اطلاعات جب شعلہ بیانی کرتی ہیں تو یہ سمجھ لیں کہ جواب بھی آئے گا، ہم جھوٹی باتیں نہیں کریں گے، ہم صرف آپ کو سچ بتائیں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی کے پاس سندھ میں حقیقی مینڈیٹ ہے لیکن مسلم لیگ کے مینڈیٹ کا سب کو معلوم ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ گورنر سندھ نے جن بلز پر اعتراضات لگائے تھے وہ آج کے اجلاس میں دوبارہ منظور کیے جائیں گے، یہ بل جیسے ہی اسمبلی منظور کرے گی تو وہ بل گورنر کے پاس دوبارہ جائیں گے، لیکن وہ بلز منظور سمجھے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے نوکریوں پر پابندیاں تھیں، کچھ لوگوں نے عدالتوں سے رجوع کیا تھا، عمر کی حد میں رعایت دی گئی ہے، عمر کی یہ رعایت سی ایس ایس اور پولیس پر نافذ نہیں ہوگی۔