لائف اسٹائل

محفل میں خلیل الرحمٰن قمر نے سلام کے جواب میں بدتمیزی کی، ریشم کا دعویٰ

خلیل الرحمٰن قمر میں تکبر اور غرور ہے، وہ اونچی آواز میں بدتمیزی سے بات کرنے کے عادی ہیں، ان کے زیادہ تر ڈرامے بھارتی فلموں کی کاپی ہیں، اداکارہ

ماضی کی مقبول فلمی ہیروئن ریشم نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک محفل میں سلام کرنے پر معروف ڈراما ساز خلیل الرحمٰن قمر نے ان سے بدتمیزی کی اور اونچی آواز میں انہیں کہا کہ دور ہوجاؤ مجھ سے، میں تم سے بات نہیں کرنا چاہتا’۔

ریشم نے حال ہی میں ’سنو نیوز‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران اداکارہ نے بتایا کہ ماضی میں بھی وہ خلیل الرحمٰن قمر کی مداح ہوا کرتی تھیں لیکن اب نہیں۔

ان کے مطابق خلیل الرحمٰن قمر میں تکبر اور غرور ہے، وہ اونچی آواز میں بدتمیزی سے بات کرنے کے عادی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں خلیل الرحمٰن قمر کو ان کے لکھے ہوئے ڈائلاگز کی وجہ سے عزت ملتی تھی اور اب انہیں ان کے لیے لکھے گئے الفاظ پر تنقید کا سامنا رہتا ہے۔

ریشم نے کہا کہ ابھی انہوں نے خلیل الرحمٰن کے کچھ ڈرامے دیکھے جو کہ ہوبہو بھارتی ڈراموں اور فلموں کی کاپی تھے۔

ان کے مطابق خدا جب کسی کو نوازتا ہے تو اسے اپنی حیثیت نہیں بھولنی چاہیے اور خدا جس کو نوازتا ہے، اس سے چھین بھی سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کی کم سن بھانجی کو ’میرے پاس تم ہو‘ ڈراما بہت پسند تھا، اس لیے انہوں نے ہمایوں سعید کو کہا تھا کہ وہ جب بھی لاہور آئیں تو ان کے گھر لازمی آئیں۔

ان کے مطابق ایک مرتبہ ہمایوں سعید ان کے گھر آئے اور انہیں ساتھ میں ایک پروگرام میں چلنے کا کہا اور وہ ان کے ساتھ چلی گئیں۔

ریشم کا کہنا تھا مذکورہ پروگرام میں خلیل الرحمٰن قمر بھی موجود تھے اور انہوں نے انہیں جاکر سلام کیا۔

ریشم نے بتایا کہ ان کے سلام کے جواب میں خلیل الرحمٰن قمر نے ان سے بدتمیزی کی اور چلا کر انہیں کہا کہ وہ ان سے دور ہوجائیں، وہ ان سے بات بھی نہیں کرنا چاہتے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ڈراما ساز کی بدتمیزی کا جواب دے سکتی تھیں لیکن وہ اپنی عزت کی خاطر خاموش ہوگئیں اور محفل کا خیال رکھتے ہوئے خاموشی سے ایک جگہ بیٹھ گئیں۔

ریشم کے مطابق انہیں اینٹ کا جواب اینٹ سے دینا آتا ہے لیکن انہیں اپنی عزت پیاری تھی، اس لیے وہ ڈراما ساز کی بدتمیزی پر خاموش ہوکر بیٹھ گئیں۔

خلیل الرحمٰن قمر معروف اداکاروں پر تنقید کرکے شہرت حاصل کرتے ہیں، ریشم

خلیل الرحمٰن قمر 2 سال سے ماہرہ خان کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، ریشم

ریشم نے علی ظفر کی حمایت اور خلیل الرحمٰن قمر پر تنقید کیوں کی؟