پاکستان

کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں ڈمپر کی رکشے کو ٹکر، ایک شہری جاں بحق، 3 زخمی

گلشن اقبال میں سفاری پارک کے قریب موٹرسائیکل سوار کی ہلاکت کے بعد ٹینکر کو جلانے والا شہری گرفتار، مرنے والا غلط سمت سے آرہا تھا، پولیس کا دعویٰ

سندھ حکومت کی کوششوں کے باوجود کراچی میں ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز کے ذریعے حادثات کا خونی کھیل تھم نہیں سکا، بلدیہ میں حب ریور روڈ کے قریب ڈمپر کی رکشے کو ٹکر سے ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا کہ رکشا حب چوکی سے مشرف کالونی آرہا تھا، حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں سفاری پارک کے قریب ٹینکر نے 2 موٹر سائیکل سواروں کو روند دیا تھا، اس حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا تھا، واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ٹینکرکو آگ لگا دی تھی۔

واٹر ٹینکر کا ڈرائیور فرار ہوگیاتھا، جب کہ پولیس نے ٹینکر کو آگ لگانے والے شہری کو حراست میں لے لیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار غلط سمت سے آرہے تھے۔

کراچی میں رواں سال کے ابتدائی 2 ماہ میں مختلف ٹریفک حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 138 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔