پنجاب کی دیہی خواتین کے لیے خصوصی بسیں چلانے کا اصولی فیصلہ
ملک کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب کی دیہی خواتین کے لیے خصوصی بسیں چلانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا اور وزیر اعلیٰ مریم نواز نے انٹر ویلج ٹرانسپورٹ پلان بھی طلب کر لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے دیہاتی خواتین کی ٹرانسپوٹیشن کے لیے جامع پلان طلب کر لیا۔
ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر دیہی تحصیل سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز تک بس سروس شروع کی جائے گی اور دور دراز اضلاع میں مرحلہ وار 25 بسوں پر مشتمل ماس ٹرانزٹ سسٹم شروع کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز نے ماس ٹرانزٹ سسٹم میں خواتین مسافروں کے لیے سبسڈی دینے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ پنجاب کا پہلاو ویمن ٹرانسپورٹ سلوشن پلان تیار کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹرانسپورٹ سسٹم دیہات میں رہنے والی خواتین کا بھی حق ہے، دیہی خواتین کے لیے ٹرانسپورٹ کا نظام نہ ہونا انتہائی تکلیف دہ ہے اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کی فراہمی سے دیہی خواتین کا اعتماد بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کو پبلک ٹرانسپورٹ میں تکلیف دہ حالات میں سفر کرتے دیکھ کر انتہائی دکھ ہوتا ہے، ٹرانسپورٹ سسٹم سے طالبات اور مریض خواتین کو آمد ورفت میں آسانی ہوگی۔