پاکستان

محکمہ داخلہ پنجاب نے کالعدم تنظیموں کی فہرست جاری کر دی

شہریوں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ان کی امداد دہشت گردوں کے بجائے صحیح مستحقین تک پہنچے، اعلامیہ

محکمہ داخلہ پنجاب نے کالعدم تنظیموں کی فہرست جاری کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ان غیر رجسٹرڈ اور ممنوعہ خیراتی اداروں کو خیرات نہ دیں۔

واضح رہے کہ کالعدم تنظیموں کی فہرست کا عمل 14 اگست 2001 سے شروع ہوا، جب ریاست نے لشکر جھنگوی اور سپاہِ محمد پاکستان پر پابندی عائد کی، جبکہ 14 جنوری 2002 کو حکومت نے جیش محمد، لشکر طیبہ، سپاہ صحابہ پاکستان، تحریک اسلامی اور تحریک نفاذ شریعت محمدی پر پابندی لگا دی۔

حکومت پنجاب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کالعدم تنظیموں کو کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرنا انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت جرم ہے۔

مزید کہا گیا کہ دہشت گردی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث کالعدم تنظیموں کی مدد کرنے والوں کو قانون کے تحت سزا دی جائے گی۔

بیان کے مطابق پنجاب میں خیراتی اداروں کے لیے پنجاب چیریٹی کمیشن کے ساتھ رجسٹریشن لازمی ہے۔

حکومت پنجاب نے بیان میں مزید کہا کہ شہری اپنی زکوٰۃ، خیرات اور عطیات صرف پنجاب چیریٹی کمیشن میں رجسٹرڈ تنظیموں کو دیں، مزید بتایا کہ تمام رجسٹرڈ تنظیموں کی تصدیق ان کے سرٹیفکیٹس پر QR کوڈ کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ان کی امداد دہشت گردوں کے بجائے صحیح مستحقین تک پہنچے، رجسٹرڈ تنظیموں کی تفصیلات چیریٹی کمیشن کی ویب سائٹ پر حاصل کی جا سکتی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دھوکا دہی، دہشت گردی، ریاست مخالف سرگرمیوں اور ذاتی فائدے کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی شکایات محکمہ داخلہ پنجاب کو کی جا سکتی ہے، کالعدم تنظیموں کی جانب سے فنڈ ریزنگ کی اطلاع ٹول فری نمبر 0800-11111 یا ہیلپ لائن نمبر 042-99214871 اور 042-99214872 پر دی جا سکتی ہے۔

کالعدم تنظیموں کی فہرست