پاکستان

کراچی: حاملہ بیوی کے قتل کے الزام میں شوہر گرفتار، مقدمہ درج

عرفان نے پہلے بیوی کی موت کو ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ قرار دیا، پھر کہا بیوی نے گھریلو جھگڑے پر خود کو گولی ماری، سالے کی شکایت پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

کراچی پولیس نے اتوار کو حاملہ خاتون کو قتل کرنے کے الزام میں اس کے شوہر کو باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا، ملزم نے تفتیش کاروں کو گمراہ کیا تھا کہ اس کی بیوی کو 2 دن قبل ڈاکوؤں نے مزاحمت پر قتل کیا تھا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ملزم عرفان نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ وہ اپنی اہلیہ صائمہ کے ساتھ موٹر سائیکل پر سپر ہائی وے کے قریب فقیرہ گوٹھ سے گزر رہا تھا کہ مسلح ڈاکوؤں نے انہیں روکا اور ان کا قیمتی سامان طلب کیا، جب صائمہ نے ڈکیتی کی کوشش کی مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے اسے گولی مار دی اور فرار ہو گئے۔

ایس ایس پی شرقی ڈاکٹر فرخ رضا نے ڈان کو بتایا کہ دوران تفتیش ملزم نے اپنا ابتدائی موقف تبدیل کیا اور بتایا کہ ان کی اہلیہ نے گھریلو جھگڑے کے دوران پستول نکال کر خود کو گولی مار لی، تاہم بعد میں یہ بیان بھی جھوٹ ثابت ہوا۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاتون کے بھائی کی شکایت پر پولیس نے باضابطہ طور پر ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 201 (غیرقانونی طور پر شواہدکو مٹانا یا مجرم کو بچانے کے لیے جھوٹی معلومات دینا) اور 311 ( قتل عمد میں قصاص کے حق سے استثنیٰ یا اس میں اضافے کے بعد سزا) کا اطلاق کیا ہے۔

ایس ایس پی نے کہا کہ ایف آئی آر میں درج پی پی سی کی دفعہ 397 (چوری یا ڈکیتی، اقدام قتل یا شدید زخمی کرنے) کو حذف کردیا جائے گا کیونکہ یہ ڈکیتی سے متعلق واقعہ نہیں تھا۔

علاوہ ازیں ایس ایس پی فرخ رضا نے مزید کہا کہ پولیس ڈاکٹروں سے میڈیکل رپورٹس حاصل کرنے کے بعد قانون کی مزید متعلقہ دفعات شامل کرے گی کیونکہ متاثرہ خاتون حاملہ تھی۔