پاکستان

نیکٹا کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے نیا ادارہ نفٹیک قائم

دہشتگردی کے مکمل سدباب کیلئے نیشنل انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر کے دفاتر صوبائی دارالحکومتوں میں قائم کیے جائیں گے، وزیر داخلہ محسن نقوی کا اجلاس سے خطاب

وفاقی حکومت نے قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی (نیکٹا) کے تحت قائم ادارے نیشنل انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر (نفٹیک) کی منظوری دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت نیکٹا بورڈ آف گورنرز کا پانچواں اجلاس ہوا، جس میں نیکٹا کے تحت ’نفٹیک‘ کے قیام کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بھی شرکت کی، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا ڈاکٹر خالد نے بورڈ کے ارکان کو بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے آگاہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل سدباب کے لیے انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر قائم کیا گیا ہے، تمام صوبائی دارالحکومتوں میں بھی ادارے کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس ادارے کا قیام نیکٹا کےحقیقی مقاصد کےحصول کی طرف اہم قدم ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نفٹیک کا قیام نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کویقینی بنانے کے لیے کار آمد ہوگا۔

اجلاس میں نیشنل کوآڈینیٹر نیکٹا ڈاکٹر خالد چوہان کی پیش کردہ تمام سفارشات کی منظوری دی گئی۔

سینیٹرز منظور احمد اور پونجو مل نے بھی نیکٹا بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد بھی شریک ہوئے۔

ان کے علاوہ چاروں صوبائی سیکریٹریز داخلہ بطور ممبر نیکٹا بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں شریک ہوئے۔

پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے انسپکٹر جنرلز (آئی جیز) بھی اجلاس میں شریک تھے۔