پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 65 رنز سے شکست دیدی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایدیشن کے چھٹے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 65 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ڈیوڈ وارنر اور جیمز ونز کو پویلین واپس بھیج کر کراچی کنگز کو مشکل میں ڈال دیا اور پوری ٹیم 19.1 اوور میں 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کراچی کنگز بیٹنگ
کراچی کنگز کا آغاز اچھا نہ رہا، پہلے ہی اوور میں کپتان ڈیوڈ وارنر کھاتہ کھولے بغیر شاہین آفریدی کا شکار بن گئے اور پچھلے میچ میں سینچری بنانے والے جیمز ونز بھی کھاتہ کھولے بغیر پہلے ہی اوور میں بولڈ ہوگئے۔
پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں گرنے کے بعد کراچی کنگز دباؤ کا شکار ہوگئی اور بعد میں آنے والے کھلاڑی بھی خاطر خوا کارکردگی نہ دکھاسکے۔
شان مسعود 18، ٹم سیفرٹ 18، عرفان خان نیازی 6، عرفات منہاس صفر، عباس آفریدی 1، حسن علی 27، ایڈم ملنے 16 اور خوشدل شاہ 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور رشاد حسین نے 3،3 سکندر رضا نے 2 ، آصف آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز بیٹنگ
اس سے قبل، لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور محمد نعیم نے اننگز کا آغاز کیا، محمد نعیم صرف 7 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے، جس کے بعد عبداللہ شفیق بھی 6 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
تاہم، فخرزمان اور ڈیرل مچل کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 125 رنز کی شراکت قائم ہوئی، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سینچریاں مکمل کیں۔
فخرزمان 47 گیندوں پر 76 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے جب کہ ڈیرل مچل 41 گیندوں پر 75 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 2 چکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ سیم بلنگز 19 اور سکندر رضا 10 رنز بناسکے۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ایک وکٹ عباس آفریدی نے حاصل کی۔
لاہور قلندرز نے آج کے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، جہانداد خان کی جگہ زمان خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ کراچی کنگز نے پہلے میچ والا اسکواڈ برقرار رکھا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز نے اپنے پہلے میچ میں جیمز ونز کی شاندار سینچری کی بدولت دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو شکست دی تھی۔
دوسری جانب، لاہور قلندرز نے ابتدائی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی تھی۔