8 ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 1.90 فیصد کمی، ادارہ شماریات
رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 1.90 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق ادارہ شماریات نےبڑی صنعتوں کی پیداوار کا ڈیٹا جاری کردیا، جس کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ (جولائی تا فروری) میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 1.90 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق فروری میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیاد پر 3.51 فیصد کمی ہوئی جبکہ جنوری کےمقابلے میں فروری 2025 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 5.90 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعدادوشمار کے مطابق چینی کی پیداوار میں 12.62 فیصد، کھاد 1.63، سیمنٹ 6.43 اور لوہے اور فولاد کی صنعتوں کی پیداوار میں 11.70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اس عرصے کے دوران ٹوبیکو کی پیداوار میں 19.8 اور ٹیکسٹائل کی پیداوار میں 1.78فیصد اضافہ ہوا جبکہ ملبوسات کی پیداوار میں 8.6 اور آٹو موبائل میں 43.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے فروری کی درمیانی مدت میں کوک اور پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 4.56 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔