پاکستان

کوئٹہ: نشے کے عادی شخص کی فائرنگ سے اہلیہ، 2 بیٹے اور بہو جاں بحق

ملزم نواب خان نے گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ کی، بیٹے یوسف خان، جمعہ خان اور اس کی بہو رقیہ جاں بحق ہوگئے، زخمی اہلیہ ملیلہ ہسپتال میں دوران علاج چل بسی۔

کوئٹہ کے مضافاتی علاقے بھوسا منڈی میں منشیات کے عادی شخص نے اپنے خاندان کے 4 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم کی شناخت نواب خان کے نام سے ہوئی ہے، جس نے گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کے 2 بیٹے یوسف خان اور جمعہ خان اور اس کی بہو رقیہ جاں بحق ہوگئے۔

فائرنگ سے ملزم کی اہلیہ ملیلہ شدید زخمی ہو گئی اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

ہیئر ڈریسر سمیت 3 افراد جاں بحق

ضلع کوہلو کے علاقوں کوئٹہ اور کاہان میں فائرنگ اور بارودی سرنگ کے دھماکے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

لیویز حکام کا کہنا ہے کہ کوہلو میں نامعلوم افراد کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ پر چڑھنے سے شاہ بخش نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ لیویز نے لاش کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا۔

دریں اثنا کوئٹہ کے مضافاتی علاقے پارکانی اسٹریٹ میں منگل کی رات نامعلوم مسلح افراد نے ہیئر ڈریسر کی دکان پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دکاندار احسان اللہ منگی جاں بحق ہوگیا۔

پولیس نے اس واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے۔

ایک اور واقعے میں نامعلوم مسلح افراد نے ڈبل روڈ کے علاقے سے گزرنے والے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔