لائف اسٹائل

’کبھی میں، کبھی تم‘ میں کام کرنا کیریئر کا بہترین تجربہ رہا، عماد عرفانی

مقبول اداکار و ماڈل عماد عرفانی نے کہا ہے کہ گزشتہ برس کے مقبول ترین ڈرامے ’کبھی میں، کبھی تم‘ میں کام کرنا ان کے...

مقبول اداکار و ماڈل عماد عرفانی نے کہا ہے کہ گزشتہ برس کے مقبول ترین ڈرامے ’کبھی میں، کبھی تم‘ میں کام کرنا ان کے لیے کیریئر کا بہترین تجربہ تھا اور موقع ملنے پر وہ دوبارہ بھی تمام اداکاروں کے ساتھ کام کریں گے۔

عماد عرفانی نے حال ہی میں اے آر وائے نیوز کے اسپورٹس شو میں شرکت کی، جہاں میزبان وسیم بادامی نے ان سے سوال کیا کہ نعیمہ بٹ نے حال ہی میں ’کبھی میں، کبھی تم‘ کی شوٹنگ کے دوران اپنے ساتھ دوغلے پن کا انکشاف کیا، کیا ان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا اور ان کا تجربہ کیسا رہا؟

سوال پر عماد عرفانی نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ نعیمہ بٹ کے ساتھ شوٹنگ کے دوران کیا ہوا اور ان کا تجربہ کیسا رہا لیکن انہیں بہت مزہ آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ نعیمہ بٹ کے شکوے پر کچھ نہیں کہ سکتے، وہ ان کا اپنا ذاتی تجربہ تھا لیکن ان کا تجربہ مختلف رہا۔

انہوں نے بتایا کہ ’کبھی میں، کبھی تم‘ میں کام کرنا ان کے کیریئر کا سب سے بہترین تجربہ تھا اور انہیں سب کے ساتھ کام کرکے مزہ آیا۔

عماد عرفانی نے ’کبھی میں، کبھی تم‘ کی کاسٹ کے نام بھی لیے اور کہا کہ انہیں فہد مصطفیٰ، ہانیہ عامر، جاوید شیخ، نعیمہ بٹ اور بشریٰ انصاری کے ساتھ کام کرکے بہت مزہ آیا۔

ان کے مطابق ڈرامے میں انہوں نے اور فہد مصطفیٰ نے تو بھائیوں کا کردار ادا کیا تھا اور آف اسکرین بھی ان کے درمیان بھائیوں والا تعلق بن چکا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ’کبھی میں، کبھی تم‘ کی شوٹنگ کے دوران ان کے ہانیہ عامر اور نعیمہ بٹ کے ساتھ بہت مشکل اور جذباتی مناظر بھی شوٹ کیے گئے اور انہیں دونوں کے ساتھ کام کرنے میں مزہ آیا۔

عماد عرفانی کا کہنا تھا کہ انہیں کام کرکے اتنا مزہ آیا کہ اگر اب انہیں دوبارہ بھی ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے گا تو وہ ضرور کام کرنا چاہیں گے۔

خیال رہے کہ ان سے قبل نعیمہ بٹ نے مزاحیہ پروگرام ’گپ شب‘ میں کہا تھا کہ انہوں نے ’کبھی میں، کبھی تم‘ کے دوران ’دوغلے پن‘ کا سامنا کیا، ان کا تجربہ زیادہ اچھا نہیں رہا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے بھی ’کبھی میں، کبھی تم‘ کی شوٹنگ کے دوران دوغلے پن اور دکھاوے کی دوست کو نوٹ کیا اور زندگی بھر کے لیے سبق سیکھ گئیں کہ ہر دکھاوا دوستی نہیں ہوتی۔

انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ ’کبھی میں، کبھی تم‘ کی شوٹنگ کے دوران جو اداکار کیمرے کے ساتھ ان کے ساتھ اچھا رویہ رکھتے تھے، کیمرا بند ہوتے ہی ان کا رویہ تبدیل ہوجاتا تھا۔انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کیمرا بند ہونے کے بعد انہیں ایک ساتھ اسٹیج پر آنے تک نہیں دیا جاتا تھا۔

انہوں نے ’دوغلے پن‘ کا مظاہرہ کرنے والے کسی اداکار کا نام نہیں لیا تھا، بعد ازاں انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا، انہوں نے صرف اپنا تجربہ بیان کیا، انہوں نے فہد مصطفٰی اور ہانیہ عامر کا نام نہیں لیا۔

’کبھی میں، کبھی تم‘ کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکاروں کا دوغلہ پن دیکھا، نعیمہ بٹ

’دوغلے پن‘ کی بات کرتے وقت ہانیہ عامر یا فہد مصطفیٰ کا نام نہیں لیا تھا، نعیمہ بٹ

ہانیہ عامر کی اے آئی تصویر نہ پہچان پانے پر نعیمہ بٹ کو تنقید کا سامنا