ہانیہ عامر کی اے آئی تصویر نہ پہچان پانے پر نعیمہ بٹ کو تنقید کا سامنا
گزشتہ برس کے مقبول ڈرامے ’کبھی میں، کبھی تم‘ میں اہم کردار ادا کرنے والی نعیمہ بٹ نے ڈرامے میں ایک ساتھ کام کرنے والی ہانیہ عامر کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) میں تیار کردہ جیبلی اسٹوڈیو کی تصویر نہ پہچان پانے پر تنقید کا سامنا ہے۔
نعیمہ بٹ نے حال ہی میں اے آر وائے نیوز کے اسپورٹس پروگرام میں شرکت کی، جہاں ان کے ساتھ دیگر افراد بھی شریک تھے۔
پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں مہمانوں کو مختلف شخصیات کی چیٹ جی پی ٹی کے جیبلی اسٹوڈیو میں تیار کردہ تصاویر دکھا کر انہیں پہنچاننے کا ٹاسک دیا گیا، جس دوران نعیمہ بٹ ساتھی اداکارہ ہانیہ عامر کو نہیں پہچان پائیں۔
پروگرام کے دوران نعیمہ بٹ سمیت دیگر مہمان شہزاد رائے کی تصویر کو بھی نہیں پہچان پائے جب کہ نعیمہ بٹ نے شہزاد رائے کی جیبلی اسٹوڈیو انداز میں اے آئی پر بنائی گئی تصویر کو برا قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیٹ جی پی ٹی نے شہزاد رائے کی غلط تصویر بنائی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ چیٹ جی پی ٹی میں بنائی گئی شہزاد رائے کی تصویر میں آنکھیں، ناک اور ہونٹ تک غلط بنائے گئے جب کہ دیگر مہمانوں نے بھی ان کی بات سے اتفاق کیا۔
اسی سیگمنٹ میں جب ہانیہ عامر کی جیبلی اسٹوڈیو انداز میں بنائی گئی تصویر دکھائی گئی تو نعیمہ بٹ نہیں پہچان پائیں جب کہ پروگرام میں شریک دیگر مہمان اداکارہ کی تصویر کو پہچان گئے۔
نعیمہ بٹ کی جانب سے ہانیہ عامر کی تصویر کو نہ پہچان پانے پر میزبان وسیم بادامی نے انہیں ٹوکا اور کہا کہ وہ اپنی ساتھی اداکارہ کو بھی نہیں پہچان پائیں۔
میزبان کی بات پر نعیمہ بٹ کا کہنا تھا کہ وہ ہانیہ عامر کو اتنا زیادہ نہیں جانتیں، جس پر وسیم بادامی نے انہیں کہا کہ وہ ان کے ساتھ ڈراما کر چکی ہیں اور کہہ رہی ہیں کہ وہ انہیں اتنا زیادہ نہیں جانتیں؟
میزبان کی بات پر نعیمہ بٹ نے کہا کہ کسی کے ساتھ ڈرامے میں کام کرنے کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ آپ اسے جانتے ہیں۔
نعیمہ بٹ کی جانب سے ہانیہ عامر کو نہ پہچان پانے کی بات پر وسیم بادامی نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کہا کہ کمال ہے! آپ ہانیہ عامر کو نہیں پہچانتیں۔
اداکارہ کی جانب سے ہانیہ عامر کی اے آئی تصویر کو نہ پہچان پانے اور بعد ازاں اداکارہ کو نہ جاننے کی بات کرنے پر انہیں تنقید کا سامنا ہے اور صارفین نے نعیمہ بٹ کو آڑے ہاتھوں لیا۔
زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ نعیمہ بٹ ابھی تک ’کبھی میں، کبھی تم‘ کے کردار سے باہر نہیں نکلیں، وہ کہہ رہی ہیں کہ ہانیہ عامر کو نہیں جانتیں!